Reporter SS
کراچی: جامعہ کراچی نےمخصوص نشستوں پرداخلوں کےلئے فارم جمع کرانےکی تاریخ کا اعلان کردیا۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق تعلیمی سال 2023 ء کے لئے مخصوص نشستوں (Reserved Seats)پر داخلوں کے لئے فارم 21 دسمبر2022 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
مخصوص نشستوں میں اسپورٹس،کراچی یونیورسٹی ایمپلائز،معذورافراد(اسپیشل پرسنز)،آرمڈ فورسز،وکلا کے بچے،فاٹا،شمالی علاقہ جات وآزاد جموں کشمیر،اندرون سندھ اور بلوچستان کی نشستیں شامل ہیں۔طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم،فیس واؤچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔ داخلہ فارم کی پروسیسنگ فیس 2000 روپے کا واؤچر جمع کرانے کے بعد آن لائن داخلہ فارم جمع کرایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔ داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔
کراچی: جامعہ کراچی میں داخلے برائے سال 2023ء کے لئے داخلہ ٹیسٹ کا انعقادکیا گیا۔
جامعہ کراچی کے تحت ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، بی ای،بی ایس اوربی ایڈ(آنرز) پروگرام کا داخلہ ٹیسٹ منعقد کئے گئے۔داخلہ ٹیسٹ میں 11 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔
طلباوطالبات اور ان کے والدین کو داخلی دروازوں سے امتحانی مراکز تک پوائنٹس بسوں کے ذریعے پہنچایا گیا۔ داخلہ ٹیسٹ کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں 28 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
داخلہ ٹیسٹ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئےانتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا ۔
داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے جامعہ کے مختلف مقامات پر ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے تھے۔
لاہور: ناصر حسین بھی ابراراحمد کی صلاحیتوں کےگرویدہ ہوگئے۔
سابق انگلش کپتان نے بہترین اسپنر کو پہلے ٹیسٹ کیلیے میدان میں نہ اتارنے پر سوال اٹھادیا،ان کا کہنا ہے کہ ابرار احمد روایتی لیگ اسپنر نہیں ہیں، وہ اپنی انگلیوں سے گیند کو منفرد انداز میں فلک کرتے ہیں جس کو سمجھنے میں مشکل پیش آتی ہے،امید ہے کہ انگلش بیٹرز مقامی چینلز سے درخواست کرنا چاہیں گے کہ ابرار احمد کی گیندوں کو سپر سلو موشن میں مختلف زاویے سے دکھائیں۔
انھوں نے کہا کہ بین ڈکٹ نے اسپنر کیخلاف اپنے اسٹروکس بہتر انداز میں استعمال کیے مگر دیگر بیٹرز کو پلان میں بہتری لانا ہوگی۔
لاہور: ابراراحمد ٹیسٹ ڈیبیو پر10وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے۔
ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ابرار احمد نے 7شکار کیے تھے، دوسری میں اب تک 3بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھاچکے ہیں،اس قبل عبدالرحمان نے اپنے ڈیبیو میچ کی دونوں اننگز میں 4،4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
یاد رہے پہلے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں اڑانے کا پاکستانی ریکارڈ محمد زاہد کا ہے،پیسر نے مجموعی طور پر میچ میں 11شکار کیے تھے۔
کراچی: اگلے 3 روز کے دوران دن کے وقت شہرکاموسم خشک جبکہ راتیں سردرہنےکاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق اس دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیر فعال رہے گی اور کراچی بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے زیر اثر رہے گا۔
آئندہ 3 روز کے دوران کم سے کم پارہ 15 سے 17 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ بالائی سندھ کے اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھا سکتی ہے۔
سنگاپور سٹی: پاکستانی فیس بک صارفین نئے فیچر اسٹار کی بدولت مونی ٹائزیشن کے بعد اپنی تخلیقات کا معاوضہ حاصل کرسکیں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور میں میٹا(فیس بک) ایشیا پیسیفک ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور میٹا کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے صارفین کے حوالے سے ایک خوش خبری بھی سننے کو ملی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاکستان کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ اب میٹا کمپنی کی ایپ فیس بک سے پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل صارفین بھی اپنی تخلیقات (Content) کو ذريعہ آمدن بنا سکیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید بتایا کہ انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا جلد پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی جب کہ پاکستان میں مونی ٹائزیشن کے لیے “اسٹارز پروگرام” کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ“اسٹارز پروگرام” کے تحت جو بھی پاکستانی صارفین فیس بک پر اپنی تخلیقات ویڈیو کی صورت میں شیئر کریں گے اور دیکھنے والے انھیں جتنے اسٹارز دیں گے اس حساب سے ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے کو پیسے ملیں گے۔
بلاول بھٹو نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوان اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مثبت کاموں کے لیے استعمال کریں گے اور اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں گے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس سہولت سے سب سے زیادہ فائدہ خواتین اُٹھاسکتی ہیں جو گھر بیٹھے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی کے تحت بی ایس تھرڈایئرکےلئے داخلہ ٹیسٹ منعقد کیا گیا۔
جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹرسائنس، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن اوربزنس ایڈمنسٹریشن بی ایس تھرڈایئرمیں داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ آج شعبہ معاشیات جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔
داخلہ ٹیسٹ میں 189 طلبہ شریک ہوئے،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،پروفیسر ڈاکٹر انیلاامبر ملک اور ڈاکٹر سید ظفرحسین نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
کیلیفورنیا: ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود غیر فعال اکاؤنٹس کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز ایلون مسک کا ایک ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ٹوئٹر جلد ہی ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس کی جگہ خالی کرنا شروع کرنے والا ہے۔
انہوں نےواضح کیا کہ ٹوئٹر کی جانب سے وہ اکاؤنٹ ختم کیے جانے والے ہیں جن سے کافی عرصے سے کوئی ٹوئٹ نہیں ہوئی اور وہ سالوں سے لاگ اِن نہیں ہوئے۔
کیلیفورنیا: موبائل میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے حالیہ دنوں میں متعدد فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد اب ایک اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
میٹا کی ذیلی کمپنی واٹس ایپ نےاعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر اوتار کا فیچر متعارف کرانے جارہی ہے۔
اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واٹس ایپ فیس بک کے بِٹ موجی جیسے اوتار کو اپنانے جارہا ہے جو رواں برس جولائی میں سامنے آیا تھا۔ جس کے بعد اکتوبر میں فیچر کے متعلق مزید تفصیلات تب سامنے آئیں تھیں جب یہ فیچر ایپ کے بِیٹا چینل پر پیش کیا گیا تھا۔
اوتار آپ کی ذات کا ایک ڈیجیٹل ورژن ہوتا ہے جس کو آپ مختلف بالوں کے اسٹائل، جلد کے رنگ، کپڑے اور تاثرات سے آراستہ کر سکتے ہیں۔
ایک بار آپ کوئی اوتار تخلیق دے دیں اس کے بعد 36 اسٹِکر کا ایک مجموعہ تشکیل پا جاتا ہے جو آپ کسی بھی چیٹ میں بھیج سکتے ہیں۔ اس اوتار کو آپ بطور پروفائل تصویر کے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹاگرام پر بِٹ موجی اسٹائل کے اوتار بننے شروع ہوگئے ہیں لیکن ان اوتار کو آپ واٹس ایپ میں استعمال نہیں کرسکتے۔
کراچی:ـ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے نویں جماعت سائنس گروپ کےسالانہ امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا۔
کراچی میٹرک بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کے مطابق جماعت نہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2022 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔طلباء وطالبات یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsek لکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر ناظم امتحانات عمران طارق اور رزلٹ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ میں 159969 طلباء و طالبات رجسٹر ڈ ہوئے ۔ تمام پرچوں میں کامیاب طلباء و طالبات کی تعداد127638رہی اور کامیابی کا تناسب 80.82 فیصد رہا۔