بدھ, 26 جون 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی (تعلیم) بحریہ یو نیورسٹی اسلام آباد کی ٹیم مشینی لوگ"Machinilog"نے مقامی طور پر بہترین روبوٹ ڈیزائن کرکے روبو کپ @ہوم 2016کے لئے کوا لیفائی کر لیا ۔ اس ٹیم میں انجینئرنگ کے پانچ طلبہ حسیب اسلم ( ٹیم لیڈ ر ) ، طاہر محمو د ، باسط اکرم ، اسامہ احمد ، حمزہ حکیم اور دو اسا تذہ ارسلا ن اختر اور عمار اجمل شامل ہیں ۔ اس موقع پر مشینی لوگ"Machinilog" کے ٹیم لیڈر حسیب اسلم کا کہنا تھا کہ '' روبو کپ @ہوم جیسے مقابلے میں شرکت بلا شبہ ہماری کامیابی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے ۔ ہماری ٹیم کی ان تھک محنت اور ہمارے اساتذہ کی رہنما ئی کی بدولت ہم اس مقابلے کے لئے کوا لیفائی کرنے میں کامیاب ہو ئے ہیں ۔

ایمزٹی وی(پشاور) صوبائی الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو حلقہ پی کے 8 میں جلسہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا جب کہ مولانا فضل الرحمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تنبیہ کی گئی ہے کہ حلقے میں جلسہ نہ کیا جائے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے حلقہ پی کے 8 میں آج تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کے اعلان پر ریجنل الیکشن کمشنرنے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں بڑے جلسے کرنا انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کوبھی حلقہ پی کے 8 میں جلسہ کرنے سے منع کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرمولانا فضل الرحمان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی توان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن مشیر وزیراعظم انجینئرامیرمقام کو حلقے میں ترقیاتی کاموں کے اعلان پر نوٹس جاری کرچکا ہے جب کہ حلقہ پی کے 8 میں ضمنی انتخاب 12 مئی کو ہوگا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ کی عمارت میں آگ لگنے کے باعث 2 کمرے اور ان میں رکھا فرنیچر مکمل طور پر جل گیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی عمارت میں آج صبح اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 2 کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث کمروں میں رکھا تمام فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا۔ سپریم کورٹ کے سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے سپریم کورٹ کا تمام ریکارڈ محفوظ رہا کیونکہ آگ سپریم کورٹ بار کے کانفرنس روم اور لائبریری کے سامنے والے کمرے میں لگی ۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابوپالیا جب کہ سپریم کورٹ کے عملے کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے۔ تحقیقات کے بعد سپریم کورٹ بار میں آگ لگنے کے واقعہ کی ذمہ داری چوہوں پر ڈال دی گئی جب کہ چوہوں کو پکڑنے کے لئے پاکستان ورکرز ڈپارٹمنٹ کا عملہ بھی طلب کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ چوہوں کو پکڑنے کے لئے چوہے دان بھی منگوا لئے گئے۔

ایمزٹی وی (تعلیم) صوبائی حکومت نے دوسرے مرحلے میں راولپنڈی ضلع کے کالجز اور ہائرسکینڈری اسکولوں کو مرحلہ وار پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن (پیف) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے. راولپنڈی کے 7 کالج اور 12ہا ئرسکینڈری aسکول پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے ، صوبائی حکومت نے ناقص نتائج دینے والے پرائمری ،مڈل اورہائی اسکولوں کو مرحلہ وار پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے حوالے کردیا اب دوسرے مرحلہ میں صوبہ بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی 7 کالج اور 12ہائرسکینڈری اسکول پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کالجز اور اسکولوں کو پی ای ایف کے حوالے کرنے کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جس کے مطابق 2016میں میٹرک اورایف اے کے سالانہ نتائج کو مدنظر رکھ کران کالجز اور اسکولوں کو پی ای ایف کے حوالے کردیا جائے گا ،حکومت کے اس اقدام پر اساتذہ تنظیمیں بے بس نظرآرہی ہیں اور احتجاج کی دھمکیوں تک ہی محدود ہوکررہ گئی ہیں۔

ایمزٹی وی (راولپنڈی)عوامی تحریک نے گذشتہ روز راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے صدر سلطان نعیم کیانی کی سربراہی میں راولپنڈی-اسلام آباد پریس کلب کے باہر ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے بھی پاناما پیپرز لیکس کے معاملے پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے خلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایک ایسی تنظیم کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے جو پاک فوج کے زیرِ انتظام کام کرے اور وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات کرے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ عوامی تحریک کے سلطان نعیم کیانی کا کہنا تھا، 'اگر پاناما یپیرز معاملے کی تحقیقات ایک ایسی تنظیم کرے جو فوج کی زیر نگرانی کام کرے، تو وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم اگر کوئی دوسری تنظیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تو وزیراعظم نواز شریف کو تحقیقات کے آغاز سے قبل استعفیٰ دے دینا چاہیے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما پیپرز لیکس نے مقامی اشرافیہ کی مالیاتی خردبرد کو بے نقاب کیا ہے، ان کامزید کہنا تھا کہ اب یہی وقت ہے کہ ملکی سیاست کو کرپشن اور نااہلی سے پاک کیا جائے۔ کیانی کا کہنا تھا، 'حکمران خاندان کو عوام کے پیسے سے حاصل کی جانے والی آمدنی اوراس پیسے کی بیرون ملک منتقلی کے حوالے سے جواب دہ ہونا چاہیے۔

ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن تعلقہ میرپورساکروکی جانب سے تعلقہ ایجوکیشن افسر میرپورساکرو کے اساتذہ کے ساتھ غیر ذمے دارانہ روئیے اور کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن تعلقہ میرپورساکرو کے صدر غلام حیدر بلوچ اورجنرل سیکریٹری غلام حیدر سٹھیو نے بتایا کہ ٹی ای او میرپورساکرو اسا تذہ کے مسائل سننے کو تیار نہیں اور بلا جواز ا ساتذہ کی ماہانہ تنخواہیں بغیر نوٹس کے روک لی ہیں ، اس کے علاوہ ٹینڈر کے خالی فارموں پر اسا تذہ کو ہراساں کر کے دستخط لیے جا رہے ہیں۔ انہوں نےمزید بتایا کہ ٹی ای او میرپورساکرونے اسکولوں کے فرنیچر کی مرمت کے لئے آنے والے لاکھوں روپے ہڑپ کر لیے ہیں جسکی فوری انکوائری کرائی جائے ، انھوں نے بتایا کہ ان تمام مسائل کافوری نوٹس نہیں لیا گیا اور ہمارے مسائل حل نہ کیے گئے توٹی ای او میرپورساکرو کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ 11مئی سے 15مئی تک تمام تعلقہ کے اسکولوں میں تدریسی عمل بند کر کے تالا بندی کی جائے گی اور 16 مئی سے ٹی ای او میرپورساکرو آفس کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی اور پھر 20 مئی کو احتجاجی مظاہرہ کر کے ڈی ای او آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

ایمزٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی میں فارغ التحصیل طالب علموں کی تنظیم یونی کیرینز انٹرنیشنل کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیاگیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عشرت العباد خان کا کہناتھا معیاری تعلیمی ادارے کسی بھی شہر کی پہچان ہوا کرتے ہیں اور جامعہ کراچی شہر قائد کی سب سے بڑی پہچان ہے جو کہ اپنے قیام کے بعد سے مسلسل مختلف شعبوں کے ماہرین تیار کررہی ہے ، اساتذہ اور طالب علموں کی محنت اور لگن کے باعث جامعہ کراچی کو ملک کے تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی ایک الگ ہی دنیا ہے جہاں کا ہر ایک شعبہ اپنی مثال آپ ہے ،سائنس، آرٹس، کامرس اور کمپیوٹرکے شعبوں میں جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طالب علموں نے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں، جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طالب علم ہرشعبے میں ہی نمایاں نظر آتے ہیں،مادر علمی طالب علموں کا فخر ہوا کرتی ہے کیونکہ طالب علم یہاں تعلیم کے ساتھ تربیت کے مختلف مراحل سے بھی گزرتے ہیں جو انہیں مستقبل میں کامیابی سے ہم کنار کرتی ہے۔ یونی کیرینز کے حالیہ انتخابات میں پروفیسر اعجاز احمد فاروقی(صدر)،ڈاکٹر فضل احمد (نائب صدر)، پروفیسر سحر انصاری (نائب صدر)، پروفیسر رضوان حیدر(نائب صدر)، پروفیسر ملاحت کلیم (نائب صدر)، ندیم ہاشمی (جنرل سیکریٹری)، پروفیسر ندیم اختر (جوائنٹ سیکریٹری)، پروفیسر خالدہ سمیع (جوائنٹ سیکریٹری)، سعیدالکبیر (جوائنٹ سیکریٹری)، پروفیسر امانت اللہ (جوائنٹ سیکریٹری)، پروفیسر انور برنی (فنانس سیکریٹری)جبکہ منصور معطر (انفارمیشن سیکریٹری) منتخب ہوئے ہیں۔منیجنگ کمیٹی کیلئے 16 اراکین کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ گورنر نے بعد ازاں عہدے داروں اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین سے حلف لیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین کے زیر صدارت کراچی کے نجی اسکول میں 27 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے کہا ہے کہ طلبہ ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اور ان کی بہترین تعلیم و تربیت والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی ذمہ داری ہے ۔بہترین تربیت کے بغیر تعلیم کا حصول بے معنی ہوجاتا ہے- اس موقع پرڈاکٹر فہیم الدین نے ’’گھر میں سب سے چھوٹا تھا، میرے حصے میں ماں آئی‘‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولاد پر والدین کی فرمانبرداری فرض ہے ۔ماں ہو یا باپ دونوں کی اہمیت اور شان دین اسلام نے بیان کی ہے۔ کوئی ’’مدر یا فادر ڈے‘‘ والدین سے 365دنوں کی محبت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔طلبہ و طالبات اپنے والدین کی ہمیشہ عزت کریں۔ جبکہ دوسری جانب اسکول پرنسپل پروین شکیل نے کہا کہ المبین اسکول گزشتہ 27 سال سے علاقے میں طلبہ کو سستی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے اعلیٰ مواقع فراہم کر رہا ہے ۔پروفیسر یعقوب عباسی اور پروفیسرسید شکیل احمد نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حصول علم کے لیے سخت محنت کریں۔آخر میں نمایاں کارکردگی والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

ایمز ٹی وی (سائنس ) آج کل لوگ گھر پر ہی بہترین کھانے بنا کر لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مزیدار کھانے بنانے کے لیے نت نئی جدید مشینیں بھی سامنے آرہی ہیں اور اب ایسی ہی ایک میشن سام سنگ نے تیار کی ہے جو اسمارٹ اوون ہے جسے آپ اپنے اسمارٹ فون سے بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ سام سنگ کا پیش کردہ یہ اسمارٹ اوون انٹرنیٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اسے کچن میں رکھنے کے بعد وائی فائی سے کنیکٹ کریں اور اسمارٹ فون میں موجود اس کی ایپلی کیشن سے اس کا مکمل نظام سنبھالیں۔ ایپلی کیشن کے ذریعے اسے نہ صرف آن آف کیا جا سکتا ہے بلکہ درجہ حرارت کو کم زیادہ بھی کیا جا سکتا ہے اور اگر غلطی سے اوون چلتا رہ جائے تو یہ باقاعدہ نوٹی فکیشن کے ذریعے اسمارٹ فون پر آگاہ بھی کرتا ہے جس کے بعد اسے فون ہی کے ذریعے کہیں بھی رہتے ہوئے بذریعہ انٹرنیٹ بند ہونے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔ اس اوون کے ہوتے ہوئے کوئی کھانا جل بھی نہیں سکتا کیونکہ یہ پہلے مطلع کر دیتا ہے۔ یہی نہیں اس میں تقسیم ہو کر ایک سے دو اوون بننے کی سہولت بھی موجود ہے۔ مثلا اگر بیک وقت دو کھانوں کو مختلف درجہ حرارت پر گرم کرنا ہو تو اس کے اسمارٹ ڈیوائیڈر ڈیزائن کی مدد سے اسے دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کھانے کی خوشبو اور ذائقے کو بھی ایک سے دوسرے حصے میں جانے نہیں دیتا۔ یہ اسمارٹ اوون دو مختلف ڈیزائنوں اور ماڈلز میں دستیاب ہے۔ اس طرح اس اوون کے ہوتے ہوئے خواتین گھر سے نکلنے کے بعد کم از کم اس تشویش میں نہیں رہیں گی کہ کہیں اوون چلتا تو نہیں رہ گیا۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت حکومتی اتحادی مل بیٹھے اور اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کر دیا۔ اپوزیشن سے مذاکرات اور متفقہ ٹی او آرز کا اختیار وزیرا عظم کو دے دیا گیا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، حاصل بزنجو، ساجد میر، اکرم درانی ، اعجاز الحق اور وفاقی وزراءشریک ہوئے۔ اتحادی جماعتوں کو اپوزیشن کے ٹی او آرز پر اعتماد میں لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز پر تحفظات ہیں کیونکہ وہ آئین اور قانون سے مطابقت نہیں رکھتے۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے استعفے کی باتیں تحقیقات سے وابستہ ہیں۔ اپوزیشن تضادات کا شکار ہے اور عوام میں کنفیوژن پیدا کر رہی ہے۔ حکومت نے پاناما لیکس کے معاملے پر اتحادیوں کا سہارا لے لیا اور اب اپوزیشن کو مذاکرات کے ساتھ ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے