ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل فائنل کے ذریعے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ملک میں غیرملکی ٹیموں کی آمد سے انکار کے سبب پاکستان نے عرب امارات کو ہوم گرائونڈ بنارکھا ہے لیکن پاکستان کرکٹ کے لئے تشویش کی بات یہ ہے کہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو متحدہ عرب امارات سے اپنا ہوم سینٹر کسی اور ملک شفٹ کرنا ہوگا کیوں کہ ابوظبی اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو ختم کرنے کی تجویز ہے۔
اس طرح متحدہ عرب امارت میں پاکستان کو اپنے ہوم میچ کھیلنے کے لئے صرف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر انحصار کرنا ہوگا، جبکہ دبئی کے ہوٹل کی منفی رپورٹس کے بعد پی سی بی آئندہ اس ہوٹل کو بھی تبدیل کرنے پر غور کررہا ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوظبی کے شیخ زائد کرکٹ اسٹیڈیم کو فٹ بال اسٹیڈیم میں بنانے کی تجویز ہے۔ اسپورٹس کونسل اس بارے میں ایک منصوبے پر کام کررہی ہے۔ مئی 2004میں یہ گرائونڈ23ملین ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہوا تھا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں1980سے ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہورہے ہیں۔ اس گرائونڈ کو دنیا میں سب سے زیادہ200 زائد ون ڈے میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔ شارجہ پاکستان کے انٹر نیشنل میچوں کے علاوہ گذشتہ 2 سال سے پاکستان سپر لیگ کا کامیاب ترین سینٹر ہے۔ عبدالرحمن بخاتر کی ملکیت اس تاریخی اسٹیڈیم کو بھی گرانے کی تجویز ہے۔ اس لیے یہاں اس سال تزئین و آرائش کا کام نہیں ہوسکا ہے۔
اس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ کو امارات میں انٹرنیشنل میچوں کے لئے2 گراونڈز سے محروم ہونا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر ابوظبی اور شارجہ کے گرائونڈ ختم ہوگئے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو بنگلہ دیش، سری لنکایا انگلینڈ میں جاکر اپنی ہوم سیریز کھیلنا ہوگی۔ ماضی میں انگلینڈ اور سری لنکا پاکستان کی ہوم سیریز کی میزبانی کر چکے ہیں۔ سری لنکا میں سب سے بڑا مسئلہ تماشائیوں کا ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی اپنی کوششوں کے سلسلے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنا سکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو سپر لیگ فائنل کے موقع پر آئی سی سی کی ٹیم کے ہمراہ لاہور آئے گا۔ یہ سکیورٹی وفد انتظامات دیکھنے کے بعد اپنی رپورٹ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو دے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 2012 اور 2015 میں بنگلہ دیش کے دورے کرچکی ہے لیکن بنگلہ دیشی ٹیم 2008 کے بعد سے پاکستان نہیں آئی ہے۔ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بھارت کی جگہ اگر پاکستان کے دورے پر آگئی تو اس سے پاکستان کے ویران گراونڈ دوبارہ آباد ہوجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم گذشتہ تین سال سے رہتی ہے اس کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خصوصی سستے ریٹس دیئے جاتے ہیں۔
لیکن اسی ہوٹل کے قریب اس بار اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا، جس میں شرجیل خان اور خالد لطیف پکڑے گئے۔ کھلاڑیوں کو شکایت ہے کہ اس ہوٹل میں عام لوگوں کی آمد رفت بہت زیادہ ہے۔ لابی اور ریسٹورنٹس میں مشکوک خواتین بھی کھلے عام گھومتی ہیں جس سے کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس لئے یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ مستقبل میں ہوٹل کو تبدیل کیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ہوٹل لابی میں عام لوگوں کی موجودگی پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) دی آل پاکستان میوزک کانفرنس ‘ ( اے پی ایم سی ) کا اسٹیج کراچی میں سج گیا، 3 روزہ سالانہ فیسٹیول کراچی میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ موسیقی کا تعلق روح سے ہے، ہر سال چند دنوں کے لئے کچھ ایسے ہی جذبات اور احساسات کی فضا قائم کرتے ہوئے اس کانفرنس کو 13 برس گزر گئے ہیں،رواں برس 14ویں کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔

کلاسیکی، نیم کلاسیکی اور روایتی لوک سروں کو کہیں اپنی گائیکی تو کبھی سازوں سے اجاگر کرنے نشستیں اس بار زیادہ تر نئے ، نوجوان یا ابھرتے ناموں کو سونپی گئیں۔ پاک وہند کی میراث اور کلاسیکی موسیقی کی قدیم ترین صنف دھرپد پر میں مہارت رکھنے والی ملک کی واحد گائکہ عالیہ رشید کے ساتھ بانسری پر جگلبندی پیش کرتے ہوئے اٹلی سے آئی موسیقار ورجنیا پہلی شام کی ایک خاص محفل رہی

 

۔ کلاسیکی موسیقی اور عوام کے درمیان موجود خلا کو پر کرنے کے لئے کوشاں کل پاکستان موسیقی کانفرنس کے زیر اہتمام نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں 3 روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے،یہ کانفرنس اتوار5 مارچ تک جاری رہے گی۔

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے فائنل سے پہلے پشاورزلمی کوبڑادھچکا،زخمی ہونے کے باعث شاہد آفریدی فائنل سے باہر ہو گئے ۔شاہد آفریدی نے وڈیو پیغام میں شائقین سے معذرت کرلی۔
دبئی میں پی ایس ایل ٹو کے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان فیصلہ کن میچ میں کیرین پولارڈ کا کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہونے والے شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کا فائنل نہیں کھیل پائیں گے۔
ایک وڈیو پیغام میں بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نےمجھے10روزآرام کاکہاہے،میری خواہش تھی کہ فائنل کھیلوں،پرنہیں کھیل پاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرےلیے پی ایس ایل بہت بڑا چیلنج تھا، امید ہے میری پرفارمنس سے شائقین نے انجوائے کیا ہوگا۔
شاہد آفریدی مزید کہا کہ اس بار کا پی ایس ایل گزشتہ سے بہت بہتر تھا۔
 
l 160494 042329 updates
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کو زخمی ہونے کےبعد فوری طورپر اسپتال لےجایاگیا تھا اور انہیں،12ٹانکے آئے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی )جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے تحت3روزہ بین الاقوامی میڈیکل ایجو کیشن کانفرنس شروع ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز کانفرنس کے پہلے روزجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ، آغا خان یونیورسٹی ، بحریہ یونیورسٹی ، ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی ، التمش ڈینٹل کالج، یونائیٹڈ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ،کراچی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 50ایجوکیشنل ورکشاپس ہوئی ہیں، جس میں ماہرین نے تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔
آج وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کانفرنس میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد ، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر شبیراحمد لہڑی ، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر ڈاکٹر ظفر اللہ چوہدری سمیت نامور شخصیات شرکت کریں گی۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرووائس چانسلر پروفیسر لبنیٰ بیگ کے مطابق یہ کانفرنس ملک میں میڈیکل ایجوکیشن کی بہتر ی میں اہم ثابت ہوگی ۔ اس میں امریکا ، برطانیہ ، جینیوا، آسٹریلیا ، سعودی عریبہ سمیت دیگر کئی ممالک سے ماہرین شرکت کررہے ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق بی ایل، ایل ایل ایم (سال اول و دوم)اور ایل ایل بی (سال آخر ) کے امتحانات کا آغاز13مارچ سے ہوگا۔
بی ایل ، سال اول کا پہلا پیپر اصول قانون ، ایل ایل ایم سال اول کا پیپروساتیر عالم کا تقابلی جائزہ اور ایل ایل بی سال آخر کا پیپر مجموعہ ضابطہ دیوانی و میعادِ سماعت 13مارچ کو ہوگا جبکہ بی ایل سال دوم کا پہلا پیپر قانون دستوریII اورایل ایل ایم سال دوم کا پیپرقانون بین الاقوامی 14مارچ سے شروع ہوں گے۔
تمام امتحانات کے اوقات کار دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہے اور امتحانی مرکز گلشن اقبال کیمپس شعبہ نظمیات کاروبار بنایا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (سکھر/تعلیم )غلام محمد مہر میڈیکل کالج کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن پی ایم ڈی سی نے جاری کردیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے غلام محمد مہر میڈیکل کالج کی رجسٹریشن دو سالوں کے بعد دوبارہ بحال کردی ہے،پی ایم ڈی سی اسلام آباد نے لیٹر پی ایف 12ایف 2017، آئی این ایس پی 296597 کے ذریعے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے غلام محمد مہر میڈیکل کالج کو سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے طلباء کو ایم بی بی ایس پہلے سال میں داخلہ دینے کی اجازت دیتے ہوئے خیرپور کے امیدواروں کے انٹرویو 7مارچ ، سکھر اور گھوٹکی کے طلباء کے انٹرویو8مارچ کو کرنے کا اعلان کردیا ہے اور 13مارچ سے تدریسی عمل شروع کیا جائے گا۔

 

بتایا جارہا ہے کہ مہر میڈیکل کالج میں اساتذہ، عملے کی کمی، کالج سامان پورا نہ ہونے اور دیگر اسباب کے باعث پی ایم ڈی سی نے غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کی رجسٹریشن 2015 میں معطل کردی تھی۔ جس کے باعث 2016 اور 2017 میں ڈ اکٹرز بننے کے لئے داخلہ لینے والے طلباء وطالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا تھا ۔ سندھ حکومت اور کالج انتظامیہ کی کاوشوں کے باعث پی ایم ڈی سی نے ایک ماہ قبل کالج کا دورہ کیاتھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ میں شامل پانچوں ٹیموں کے کپتانوں کے بڑے بڑے پوسٹر لگادیے گئے ہیں، نامور کھلاڑیوں کی بڑی بڑی تصاویر نے اسٹیڈیم کی فضاؤں میں رنگ بھر دیے ہیں۔
اسٹیڈ یم میں پہلا پوسٹر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد کا ہے۔سرفراز احمد ٹی 20 اور ون ڈے کی کپتانی بھی کرچکے ہیں، ان کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
اسٹیڈ یم کورونق بننے والا دوسرا پوسٹر اسلام آباد ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ہے ، ان کی قیادت میں اسلام آبادٹیم نے پہلا پی ایس ایل جیتا تھا، لیکن اس بار کوالیفائر میچ میں شکست سے دوچار ہوگئی،ٹیسٹ کرکٹ میں انہیں کامیاب ترین کھلاڑی قراردیا جاتا ہے۔
سری لنکا کے کھلاڑی کمار سنگا کاراکراچی کنگز کے کپتان ہیں ،وہ ا نٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرہوچکے ہیں۔
ڈیرن سمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ہیں ، انکی قیادت میں پشاور زلمی آج کراچی کنگز کو ہراکر فائنل میں پہنچی ہے۔ڈیر ن سمی کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے پچھلے سال ورلڈ کپ جیتا تھا ، وہ اپنی زبردست قیادت اور گراؤنڈ میں سیلفی لینے کےلیے بھی مشہور ہیں ۔
برینڈن میکلم یہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ہیں ، انہوں نے پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی قیادت فرائض انجام دیئے ، انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔
اب لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل میچ میں صرف ایک دن رہ گیا،،میچ کی افتتاحی تقریب میں نامور گلوکار رنگ جمائیں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق رنگا رنگ افتتاحی تقریب اتوار شام 6بجے ہوگی ، گلو کار فاخر محمود ،علی عظمت اورفرحان دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑ ا ڈال کر ماحول مزید گرمایا جائےگا ۔ٹاس ساڑھے سات بجے ہوگی اور پھر معرکہ زوروں پر ہوگا ۔
پی سی بی نے سابق چیئرمینوں ، سابق کپتانوں اورسابق کرکٹرز کو بھی دعوت نامے بھجوا دئیے ہیں ۔
سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم پر جشن کا سماں ہے ، سرسبز گھاس اورکھلے کھلے پھول پاکستا ن میں کرکٹ کی نوید دے رہےہیں ، دنیا کوبتانا چاہتے ہیں کہ قوم طرح متحد اورپرعزم ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی )ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ موبائل ڈائیگنوسز اسکریننگ ٹیسٹ کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کے ایم سی کے تمام اسپتالوں میں اس جدید ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
عباسی شہید اسپتال میں سی ٹی اسکین مشین نے کام شروع کردیا ہے جبکہ پیتھالوجی لیبارٹری بھی مکمل طورپر فعال ہوچکی ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح عباسی شہید اسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) تیسرے پلے آف کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے کھلاڑی دبئی سے لاہور پہنچ گئے،چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی بھی دبئی سے لاہور پہنچے ہیں۔
لاہور ایئر پورٹ پہنچنے والےپشاور زلمی کے کھلاڑیوں میں کامران اکمل، محمد حفیظ،وہاب ریاض، حسن علی شامل ہیں۔ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایئر پورٹ کے باہر بھی ایلیٹ کمانڈوزتعینات ہیں۔
کل لاہور میں پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔پشاور زلمی، کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔ڈیرن سیمی،مارلن سیموئلز ،کرس جارڈن سمیت پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی فائنل میں جوہر دکھائیں گے۔
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے اطراف سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے آئی سی سی کے 2 سیکیورٹی آفیشلز سری لنکا سے لاہور پہنچ گئے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ ٹو کے پلے آف مرحلے کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی ، کراچی کنگز کو24 رنز سے ہراکر فائنل میں پہنچ گئی۔182رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگزمقررہ اووزمیں7وکٹوں پر157رنزبناسکی۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کو تیار ،اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔

پلے آف مرحلےکے اہم ترین میچ میں کراچی کنگز کے پولارڈ 47 اور کرس گیل 40رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پشاورزلمی کےکرس جارڈن اوروہاب ریاض نے3،3وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس کراچی کے کپتان سنگاکارا نے جیت کر پشاور کو بیٹنگ کی دعوت دی،جس پر پشاور نے کی ٹیم نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 181رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے کامران اکمل نے شاندار 104رنز کی باری کھیلی، جس میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھےان کے علاوہ ڈیوڈ ملان 36اور مارلون سموئلز 37رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ قابل ذکر بیٹسمین تھے۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر اور سہیل خان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے جبکہ دیگر بولرزکو کوئی کامیابی نہ ملی۔

آج کے میچ میں پشاور کی ٹیم اپنی مکمل بیٹنگ فارم میں نظر آئی اور انہوں نے کراچی کے بولرز کو کافی مشکل میں رکھا۔