ایمزٹی وی(اسلام آباد) مشیر خارجہ سرتاج عزیزنے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر سے رابطہ کیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بہیمانہ دہشتگردی میں جماعت الاحرار ملوث ہے اس لئے اس کیخلاف کارروائی کی جائے
سرتاج عزیز نے افغان مشیر سے رابطے کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغانستان کی زمین استعمال ہوئی ہے اور افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کی فہرست افغان حکام کے حوالے کردی گئی ہے اور جماعت الاحرار کے افغانستان میں موجود ٹھکانوں پر تشویش ہےلٰہذاافغان حکومت جماعت الاحرار کیخلاف سخت کارروائی کرے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان آن کیمرہ بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے جبکہ خالد لطیف طبیعت ناسازہونےکی وجہ سے بیان ریکارڈ نہ کراسکے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے اسپاٹ فکسنگ کے کردار شرجیل خان اور خالد لطیف کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پی سی بی ہیڈ کوارٹر طلب کیا گیا تھا جس پر شرجیل خان نے آن کیمرہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا جبکہ خالدلطیف کو پی سی بی نے بیان ریکارڈ نہ کرانے پر 6 بجے دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کےمطابق دونوں کھلاڑیوں کے بیانات مکمل ہونے پر چارج شیٹ تھما دی جائے گی جبکہ ضرورت پڑنے پر شرجیل خان کو دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی بناءپر پی سی بی خالد لطیف اور شرجیل خان کو پہلے ہی معطل کرچکی ہے۔
ایمز ڑی وی(لاہور) مشرف حملہ کیس کے مجرم عدنان خان کو سزا مکمل ہونے پر رہا کر دیاگیا، لاہور ہائی کورٹ میں محکمہ جیل کے اس بیان کی روشنی میں توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی جس پر عدنان خان کی ماں سارہ خان نے کمرہ عدالت میں رونا شروع کردیاکہ بیٹے کو اس کے حوالے نہیں کیا گیا.
جسٹس شاہد حمید ڈار نے مجرم عدنان خان کی والدہ سائرہ خان کی مجاہد وسیم ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، ہائی سیکیورٹی جیل ساہیوال کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم عدنان کو چار فروری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کر دیا گیا تھا لہذا توہین عدالت کی درخواست نمٹائی جائے، درخواست گزار خاتون بیٹے کی حوالگی کے بغیر ہی درخواست نمٹانے پر کمرہ عدالت میں زار و قطار رو پڑی، خاتون نے موقف اختیار کیا کہ اس کا بیٹا ابھی تک اس سے نہیں ملا، جیل حکام جھوٹ بول رہے ہیں، انھوں نے اس کے بیٹے کی رہائی سے قبل اطلاع بھی نہیں دی حالانکہ جیل رولز کے تحت ورثاءکو اطلاع دینا ضروری ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2003ءمیں ٹرائل کورٹ نے عدنان خان کو سابق آرمی چیف پرویز مشرف پر حملہ کرنے کے الزام میں پندرہ سال قید کی سزا سنائی تھی، عدنان خان قانون کے مطابق سزا میں رعایتیں ملنے کے بعد اپنی سزا مکمل کر چکا ہے لیکن اسے رہا نہیں کیا جا رہا ہے، عدالت نے جیل حکام کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیٹنگ جاری ہے اور پشاور نے 3.4اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 28رنز بنالئے ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا ہے۔
قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ڈیرن سیمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا اسکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا ان میں: اسد شفیق،احمد شہزاد،کیون پیٹرسن،ریلی روسو،سرفرا ز احمد(کپتان) محمد نواز،تھسارا پریرا،انور علی،حسان خان،محمد اللہ اور ذوالفقار بابر۔
پشاور زلمی کا سکواڈ:محمد حفیظ،تمیم اقبال،کامران اکمل،ایون مورگن،شاہد آفریدی،صہیب مقصود،ڈیرن سیمی(کپتان) شکیب الحسن،وہاب ریاض،جنید خان اور حسن علی ۔
ایمز ٹی وی(واشنگٹن) ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر برائے قومی سلامتی امور بننے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہیں، گزشتہ دنوں امریکی صدارتی مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن نے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم اب ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے بھی مشیر قومی سلامتی کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مائیکل فلن کے مستعفیٰ ہونے کے بعد ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ کو مشیر قومی سلامتی کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں اس پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے، وائٹ ہاؤس کے مطابق رابرٹ ہارورڈ نے عہدہ ذاتی وجوہات کے باعث لینے سے انکار کیا لیکن امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابرٹ ہارورڈ اپنی ٹیم لانا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے اس عہدے پر کام کرنے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدارتی مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن نے استعفی دے دیا تھا کیونکہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور صدر عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی روس پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے سے متعلق امریکہ میں تعینات روسی سفیر سے بات چیت شروع کردی تھی
ایمز ٹی وی(نوابشاہ) وزیراعظم میاں نواز شریف زخمیوں کی عیادت کیلئے نوابشاہ پہنچے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ پیپلز ہسپتال نوابشاہ میں سیہون دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی.
وزیراعظم سیہون دھماکے کے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کیلئے نوابشاہ پہنچے جہاں سے وہ سیہون شریف کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔وزیراعظم کے ہمراہ چوہدری نثار ،اسحاق ڈار اور ناصر جنجوعہ ہیں جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 1808 دہشت گرد مارے گئے اور 5611 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 1808 دہشت گرد مارے گئے اور 5611 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، کراچی آپریشن میں مجموعی طور پر 69179 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 890 دہشت گرد، 676 انتہائی مطلوب اشتہاری اور 10426 مفرور ملزمان شامل ہیں، گرفتار ملزمان میں 124 اغواء کار، 545 بھتہ خور اور قتل کے 1834 مجرموں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ان ملزمان سے مختلف اقسام کے16304 ہتھیار برآمد ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ٹارگٹ کلنگ میں69، قتل کے واقعات میں 50 اور دہشت گردی میں 80 فیصد کمی ہوئی جب کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مدارس کی رجسٹریشن 100 فیصد مکمل ہو گئی، سندھ میں 80، خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 60 فیصد اور فاٹا میں 85 فیصد مدارس کی رجسٹریشن مکمل ہو گئی جب کہ ملک بھر میں 2325 مشکوک مدارس بند کر دیے گئے جس میں سے سندھ کے اندر 2309 اور خیبرپختونخوا میں 13 مدارس بند کیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں190 مدارس کو غیر ملکی فنڈنگ مل رہی ہے جن میں پنجاب سے147، سندھ سے 6، کے پی کے سے 7 اور بلوچستان میں 30 مدارس شامل ہیں۔ زرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شرانگیز تقاریر پر 1343 مقدمات درج ہوئے جن میں 2430 افراد کو گرفتار کیاگیا اور شرانگیر مواد رکھنے والی70دکانیں بند کر دی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے اپنی اپنی انسداد دہشت گردی فورس بنالی ہےلیکن اسلام آباد، پنجاب اور سندھ انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل میں ناکام رہے۔ اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی فورس میں 1000 اہلکاروں کے بجائے 500 اہلکاربھرتی کیے جا سکے جب کہ پنجاب میں 1500 کے بجائے 1182 اور سندھ میں ایک ہزار کے بجائے 728 اہلکار بھرتی کیے گئے، آزادکشمیر نے 500 کے بجائے صرف 260 اہلکار بھرتی کئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوجی عدالتوں سے163 ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی جس میں سے 13 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی، فوجی عدالتوں نے کل 274 ملزمان کو سزائیں سنائیں جن میں سے 111 دہشت گردوں کو قید کی سزا سنائی گئی۔
ایمز ٹی وی(کراچی) سہراب گوٹھ کے قریب کوچی کیمپ میں پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگرد ،بڑی تعداد میں اسلحہ ،لیپ ٹاپ اور نقشہ برآمد کرلیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کوچی کیمپ میں کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتاری کیے گئے دہشتگردوں نے شہر میں بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔سیہون شریف دھماکے کے بعد سکیورٹی اداروں کی طرف سے دہشتگردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے
ایمز ٹی وی(لاہور) پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما اور سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ نے کہاہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے دعوے کدھرگئے؟صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ وزیرلاقانونیت بن چکے ہیں۔
اگر حکومت عملی طور پر کام کرنا چاہتی ہے تو پھر دہشتگردوں کے سہولت کاروں سے جان چھڑوائے۔سیاسی مخالفین کے خلاف کئی کئی گھنٹوں کی پریس کانفرنسیں کرنے والے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے خاموشی کیوں اختیار کررکھی ہے-لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزامان کائرہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع پر حکومت کے ساتھ تحفظات ہیں جب بھی ملک میں قوانین بنے، پیپلزپارٹی کے خلاف بنے، درگاہوں پر دہشتگردی فرقہ وارانہ لہر کو آواز دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دعوے کر رہی تھی کہ ملک میں داعش کا وجود نہیں ہے جو اس کے سرغنہ تھے مارے گئے۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر تی ہے ملک میں بم پھٹنا شروع ہو جاتے ہیں، بلاول بھٹو شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کریں تو حکومتی وزراءتمسخر بناتے ہیں بلاول بھٹو کے بیانات پر چار گھنٹے پریس کانفرنس کرنے والے وزیر داخلہ ملک میں حالیہ دہشتگردی پر خاموش کیوں ہیں؟ حکمران صرف اپنے بچوں اور محلات کے گرد سیکورٹی کا حصار بنا کر ملک کو محفوظ سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ چوہدری نثار پچھلے چار دنوں سے کہاں ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کیوں نہیں بولتے۔ حکومت سہولت کاروں کو باہر تلاش کرنے کے بجائے اپنی صفوں میں ڈھونڈے۔قمرزمان کائرہ نے چاروں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ڈھول بجانے والے وہ وزراءکہاں ہیں جو کہتے تھے کہ دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے
ایمزٹی وی(اسپورٹس) ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے واحد ٹی 20 میچ میں عمران طاہر کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 78 رنز سے شکست دیدی ہے تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور صرف 15 کے مجموعی اسکور پر کوینٹن ڈی کوک کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد ہاشم آملہ کریز پر ڈٹ گئے اور فاف ڈوپلیسس کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز جوڑ کر ابتدائی
نقصان کا ازالہ کر دیا۔
ہاشم آملہ نے 43 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ فاف ڈوپلیسس نے 36 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں اے بی ڈویلیئرز نے 26، جے پی ڈومنی نے 29، فرحان بہاردین نے 8، کرس موریس نے 9 اور وین پارنل نے 4 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 8 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین ویلر نے 1 اور گرینڈ ہوم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن عمران طاہر کی تباہ کن باﺅلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 14.5 اوورز میں 107 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام بروس نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں گلین فلپس نے 5، کین ولیم سن نے 13، کورے اینڈرسن نے 6، گرینڈہوم نے 15، مچل سینٹنر نے 5، بین ویلر نے 6، ٹم ساﺅتھی نے20، اور ٹرینٹ بولٹ نے 1 سکور بنایا جبکہ کولن منرو اور لوک رانچی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کے عمران طاہر نے عمدہ باﺅلنگ کے ذریعے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو قابو کئے رکھا اور3.5 اوورز میں 24 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہیں ایک اوور میں ہیٹ ٹرک کا موقع بھی ملا تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر باﺅلرز میں اینڈیل فیہلوک وائیو نے 3 اور کرس مورس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔