اتوار, 22 ستمبر 2024


نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 80 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں اور بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نکولس نے سب سے زیادہ 118 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں جیت روال نے 36، ٹام لیتھم نے 8، کین ولیم سن نے 2، نیل بروم نے 0، جیمز نیشام نے 15، بی جے واٹلنگ نے 34، کولن ڈی گرینڈہوم نے 4، ٹم ساﺅتھی نے 27، جیتن پٹیل نے 17 اور نیل ویگنر نے 2 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مورنی مورکل، کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے 268 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے تاہم تیمبا باووما اور کوانٹن ڈی کوک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور پوری ٹیم 359 رنز بنا کر 91 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ کوانٹن ڈی کوک نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے جبکہ تیمبا باووما نے 89، سٹیفن کوک نے 3، ڈین ایلگر نے 9، کاگیسو ربادا نے 9، ہاشم آملہ نے 21، جے پی ڈومنی نے 16، فاف ڈوپلیسس نے 22، ویرنون فلینڈر نے 37، کیشو مہاراج نے 1 اور مورنی مورکل نے 40 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈہوم اور نیل ویگنر نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹم ساﺅتھی نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ جیتن پٹیل اور جیمز نیشام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
کیویز بلے بازوں نے دوسری اننگز میں مزید بدتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 91 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع ہونے والی دوسری اننگز کا خاتمہ 171 کے مجموعی سکور پر ہو گیا اور یوں جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے صرف 80 رنز کا ہدف مل گیا جو چوکرز نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دوسری اننگز میں 6 شکار کئے جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ نے اس جیت کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 25 مارچ سے 29 مارچ تک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment