بدھ, 27 نومبر 2024


پاکستانی مصنوعات کی موثر تشہیر کیلیے خصوصی حکمت عملی تیار

ایمز ٹی وی (تجارت) جرمن کمپنی میسے فرینکفرٹ تجارتی نمائشوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی موثر تشہیر کیلیے خصوصی حکمت عملی تیار کرے گی۔ تجارتی نمائشیں منعقد کرنے والی دنیا کے سرفہرست اداروں میں سے ایک میسے فرینکفرٹ کے سربراہ مائیکل شرپے نے حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان کے اپنے خصوصی دورے کے دوران صحافیوں سے ملاقات میں بتایا کہ بین الاقوامی تجارتی نمائشیں مصنوعات کی موثر تشہیر کے ساتھ ملکوں کا مثبت امیج اجاگر کرنے کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ بین الاقوامی سطح پرہونے والی اہم تجارتی نمائشوں میں پاکستان کے حریف تجارتی ملکوں کی شرکت میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے تاہم پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کی تعداد پانچ سال سے ایک ہی جگہ پر برقرار ہے۔

پاکستان کے برعکس ترکی، بھارت، چین اور بنگلہ دیش کی کمپنیاں یورپ میں ہونے والی ان اہم ترین نمائشوں میں بڑی تعداد میں شرکت کررہی ہیں۔ مائیکل شرپے نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی برانڈنگ کے ساتھ پاکستان کو خود بھی ملک کی برانڈنگ بہتر بنانے کیلیے حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میسے فرینکفرٹ اپنی تجارتی نمائشوں میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کیلیے ایک مکمل پیکج فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جس میں برانڈنگ اور کمیونی کیشن کی سہولتیں شامل ہیں۔ اس خصوصی حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں اپنا امیج بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس حکمت عملی پر عمل درآمد سے پاکستان کے لیے یورپی یونین کی جانب سے دی جانے جی ایس پی پلس اور دیگر سہولتوں سے بھرپور استفادہ کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کیلیے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت انتہائی اہمیت کی حامل ہے تاہم یہ ہدف صرف سرفہرست کمپنیوں کی شرکت سے حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ میڈیم سائز کی کمپنیوں کی شرکت کو بھی ممکن بنانا ہوگا۔ میڈیم سائز کمپنیوں کی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت یقینی بنانے کیلیے بڑی کمپنیوں کے ساتھ حکومت کو بھی معاونت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی ہے جس سے پاکستانی گارمنٹ اور ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں تاہم اس کیلیے فیشن اسکولوں کی معاونت اور انہیں انٹرنیشنل ایکسپوژر کی فراہمی کیلیے نجی شعبے کے ساتھ حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی سے پاکستانی برآمدات پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ عمل پورا ہونے میں کچھ وقت لگے گا تاہم برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے پاکستان کیلیے یورپی مارکیٹ کی اہمیت برقرار رہے گی۔

انہوں نے پاکستانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ یورپ میں اپنی برانڈنگ اور کمیونی کیشن کیلیے یورپ کی پیشہ ور کمیونی کیشن ایجنسیوں کی خدمات حاصل کریں۔ مائیکل شرپے پاکستان کے دورے میں پاکستان کی اہم برآمدی کمپنیوں بالخصوص ٹیکسٹائل کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے علاوہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے متعلقہ افسران سے بھی ملاقات کرینگے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment