ایمز ٹی وی (تجارت) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پیش نظر ملک میں نقل وحمل کی بڑی گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹرک اور بسوں کی فروخت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 55 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی طور پر 2580ٹرک اور بسیں فروخت کی گئی ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1660ٹرک اور بسیں فروخت کی گئی تھیں۔
اکتوبر 2016 کے مہینے میں ٹرک اور بسوں کی فروخت 587یونٹس رہی جو اکتوبر 2015کے مقابلے میں 37فیصد زائد جبکہ ستمبر 2016کے مقابلے میں 2فیصد زائد رہی۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے زرعی شعبے کو دیے گئے بجٹ ریلیف بالخصوص زرعی ادویہ اور کھادوں پر سبسڈی کی وجہ سے زرعی شعبے میں بھی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں تیار کردہ ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی اضافے کا رجحان ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ ٹریکٹرز کی فروخت 11ہزار 646یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں 27فیصد زائد رہی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 9ہزار 148 ٹریکٹرز فروخت کیے گئے تھے۔
اکتوبر 2016میں 4ہزار 642ٹریکٹرز فروخت کیے گئے یہ تعداد اکتوبر 2015کے مقابلے میں 93فیصد جبکہ ستمبر 2016کے مقابلے میں 46فیصد زائد رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ کاروں بشمول لائٹ کمرشل وہیکلز کی فروخت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15فیصد کمی سے 63ہزار 633یونٹس رہی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 74ہزار 541گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔ اکتوبر 2016 میں گاڑیوں کی فروخت 15ہزار 988یونٹس رہی جو اکتوبر 2015کے مقابلے میں 19فیصد کم رہی جبکہ ستمبر 2016کے مقابلے میں اکتوبر کی فروخت میں کوئی اضافہ نہیں ہوسکا۔