ایمزٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت نے شریعہ کمپلائنس کمپنیوں کے لیے مشروط طور پر انکم ٹیکس کی شرح 2 فیصدکمی کے ساتھ 32فیصد سے گھٹا کر 30 فیصد کر دی ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کی گئی ہیں اور انکم ٹیکس رولز میں رول 231 ایچ کے نام سے نیا رول
شامل کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شریعہ کمپلائنس کمپنیوںکو انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 18 بی کے تحت انکم ٹیکس میںرعایت دی جائے گی لیکن اس کے لیے انھیں ایف بی آر کی جانب سے عائد کردہ شرائط پوری کرنا ہونگی۔ ایف بی آرکے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس کے دوسرے شیڈول کے پارٹ ٹو میں واضح کیا گیا ہے کہ جن ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 18 بی
کا اطلاق ہوگا انہیں نافذالعمل انکم ٹیکس کے مقابلے میں 2فیصد رعایت ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کی جانے والی ترمیم میں کہا گیا ہے کہ 2 فیصد انکم ٹیکس کی رعایت ان شریعہ کمپلائنس کمپنیوں کو ملے گی جو سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے شریعہ کمپلائنس کمپنی کے لیے جاری کردہ اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہوں گی۔ ایف بی آر کے مطابق
ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک نے مل کر شریعہ کمپلائنس کمپنیوں کی اہلیت کے معیار کے بارے میں مجوزہ رولز بھی تیار کرکے آرا کے لیے جاری کردیے ہیں اور جلد ان کا اطلاق ہوجائے گا۔ ٹیکس میں 2 فیصد رعایت کی شرائط میں کہا گیا ہے کہ وہ شریعہ کمپلائنس کمپنیاں ٹیکس میں رعایت کی اہل ہونگی جو مینوفیکچرنگ کررہی ہوں گی اور ان کے شیئرز کی اسٹاک مارکیٹ میں
ٹریڈنگ ہورہی ہوگی البتہ صرف ٹریڈنگ کرنے والی کمپنیاں شریعہ کمپلائنس کے زمرے میں نہیں آئیں گی۔