کراچی: پاکستان سے بھارت برآمد ہونے والے سیمنٹ کے کنسائمنٹس واپس بھیجنے کی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو مسلسل پانچویں سیشن میں بھی مندی برقرار رہی۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کے سبب 69.25 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے64 ارب 87 کروڑ 78 لاکھ 27ہزار 743روپے ڈوب گئے۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں مختلف سرمایہ کاری کے معاہدے طے پانے جیسے عوامل کے مثبت اثرات کیپیٹل مارکیٹ پر مرتب ہوناتھے لیکن بھارتی اشتعال انگیزی اور سرحد پر کشیدگی بڑھانے کے عمل سے مثبت اثرات مرتب نہ ہوسکے۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 4.5 فیصدکم رہا۔ مجموعی طورپر9کروڑ 43لاکھ 92ہزار 770حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار322کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 78کے بھاؤ میں اضافہ، 223کے داموں میں کمی اور21کی قیمتوں میں استحکام رہا۔