اسلام آباد: حکومت نے گلابی نمک پرعدم توجہی کااعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب مارکیٹنگ اور برانڈنگ نہ ہونے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر ملکی برانڈز کے تحت فروخت ہورہاہے
پاکستان کی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کا قیمتی گلابی نمک مناسب مارکیٹنگ اور برانڈنگ نہ ہونے کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر ملکی برانڈز کے تحت فروخت کیا جا رہا ہے . وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں بتایا ہے کہ پاکستان نے رواں سال قریباً 92,752 میٹرک ٹن نمک برآمد کیا جس کی مالیت دو ارب 15 کروڑ روپے تھی .
حکومت کے مطابق ہمارے کاروباری افراد نے ابھی تک اپنا کوئی برانڈ تیار نہیں کیا ہے وزارت تجارت نے بتایا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں مصنوعات کے معیار کو سب سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے اور پاکستان میں بہترین بین الاقوامی روایات کے مطابق معیار کی توثیق کے بارے میں آگاہی کی کافی کمی ہے
حکومت نے بتایا کہ پاکستان میں نمک کا جدید کرشنگ پلانٹ لگانے کے لیے نجی شعبے کی دو فرمز کے ساتھ مشترکہ منصوبے کی شرائط کو حتمی شکل دینے کا عمل پاکستان منرل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن میں جاری ہے