ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2016-17کے وفاقی بجٹ میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدپرعائدکسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں پانچ فیصدکمی کیے جانیکا امکان ہے جبکہ درآمدی گاڑیوں کیلیے عُمرکی حد بڑھانے کی تجویز بھی زیرغورہے۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایاکہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی حکومت800سی سی سے 18 سوسی سی تک کی استعمال شُدہ گاڑیوں کی درآمد پر عائدکسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں5 فیصدکمی کی تجویز پر غور کررہی ہے۔ اس کے علاوہ استعمال شُدہ گاڑیوں کی درآمدکیلیے عمرکی حدبھی3 سال سے بڑھاکر 4 سے5سال تک کرنے کی تجویز زیرغورہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اس اقدام سے ایف بی آرکو20 ارب سے زائد کا اضافی ریونیوحاصل ہوسکے گا۔حکام کاکہنا ہے کہ مذکورہ اقدام سے ملک میں گاڑیوں پر اون کی مدمیں حاصل کی جانیوالی رقم کا بھی خاتمہ ہوگااورڈیمانڈوسپلائی میں پائے جانیوالے فرق میں کمی کے باعث لوگوں کوآسانی کیساتھ گاڑیاں دستیاب ہوسکیں گی۔