ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد) امریکا کی بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹی میں مسلمان ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے بے نظیر بھٹو لیڈر شپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں بینظیر بھٹو کے ہم جماعت افراد کی تنظیم ’’کلاس اچیونگ چینج ٹو گیدر‘‘ نے مادر علمی میں مسلمان ممالک میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے والے افراد کے لیے خصوصی پروگرام تشکیل دیا ہے جس کا نام ’’بینظیر بھٹو لیڈرشپ پروگرام‘‘ رکھا گیا ہے، اس پروگرام میں 2018 سے لوگ شریک ہوں گے۔
کلاس اچیونگ چینج کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے اور اس میں مسلمان ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔ اس پروگرام کی تکمیل کے بعد ان خواتین سے توقع کی جائے گی کہ وہ اپنے ملک واپس جائیں اور پروگرام کے دوران سیکھی گئی باتوں سے سیاست یا سرکاری و نجی اداروں میں تبدیلی لائیں۔