ھفتہ, 23 نومبر 2024


تمام شعبوں کے امتحانات بروقت لے کر ان کے نتائج جلد نکالیں،سیاسی سماجی حلقے

ایمزٹی وی (تعلیم / کوئٹہ) سیاسی سماجی حلقوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال سے مطالبہ کیا ہے کہ تین ماہ قبل جن جن شعبوں کے امتحانات ہوئے ہیں ان کے نتائج کا جلد اعلان کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں جان بوجھ کر نتائج کو لیٹ کرایا جاتا ہے جبکہ کنٹرولر امتحانات اور نتائج مرتب کرنے والے عملے کو طلباء و طالبات کی مجبوریوں اور تشویش کا کوئی احساس نہیں بیان میں کہا گیا کہ نتائج کے بروقت اعلان نہ ہونے کی وجہ سے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات ملازمتیں حاصل کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام کو چاہئے کہ وہ ہر حال میں کسی بھی امتحان کو لیٹ نہ ہونے دیں تاکہ وقت مقررہ پر نتائج کا اعلان کیا جاسکے اس سے امیدواروں کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگا اور آنے والے داخلے بھی بروقت ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سیشن وقت مقررہ پر شروع ہوکر بروقت اختتام کو پہنچ جاتے ہیں جبکہ بلوچستان میں مختلف بہانوں سے تعلیمی سیشن کئی سال تک لیٹ کردئیے جاتے ہیں اور ان کے لیٹ ہونے کی کوئی بھی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں ہوتا بلکہ یونیورسٹی کے لوگ حیلے بہانوں سے کام لے کر بچنے کی کوشش کرتے ہیں بیان میں گورنر بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تمام یونیورسٹیوں کے سربراہوں کو پابند کریں کہ وہ تمام شعبوں کے امتحانات بروقت لے کر ان کے نتائج جلد نکالیں تاکہ تعلیمی نظام میں بہتری اور یکسوئی آسکے اور امیدوار اپنے وقت پر اپنے اداروں سے فارغ ہوسکیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام سائنس اور آرٹس کے شعبوں کے بروقت نتائج نکالے جائیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment