اتوار, 24 نومبر 2024


پانچویں جماعت کی کتاب میں سنگین غلطی

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملک کے مختلف شہروں کے نجی اسکولوں میں پانچویں جماعت کے بچوں کو پڑھائے جانے والی معاشرتی علوم کی کتاب میں آزاد کشمیر کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ قرار دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نصابی و غیر نصابی کتب چھاپنے والے نجی پبلشنگ ادارے پیرا ماؤنٹ کی جانب سے چھاپی جانے والی پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب میں آزاد کشمیر کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ قرار دیا گیا ہے اور یہ کتاب ملک کے متعدد بڑے شہروں میں بھی دستیاب ہے لیکن حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا تاہم پیرا کی جانب سے اس کتاب پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی کی سینیٹر سحر کامران نے کتاب میں ہونے والی مجرمانہ غلطی پر ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی دیگر کتابوں میں بھی اسی طرح کی سنگین غلطیاں موجود ہیں۔
میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں کتاب پر پابندی عائد کردی ہے اور کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے متنازع کتاب نہیں پڑھائیں گے اور غلطیاں درست کرکے ترمیم شدہ ایڈیشن دوبارہ شائع کیا جائے گا۔ پیرا کے حکام کا کہنا تھا کہ پبلشرز ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔دوسری جانب پیرا ماؤنٹ پبلشرز نے بھی کتاب میں متنازع مواد کے ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے پیرا سے تحریری معافی مانگ لی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment