ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت ہونے والے امتحانات میں صبح کی شفٹ میں ہونے والے بارہویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ اور دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے کامرس ریگولر و پرائیوٹ گروپ پارٹ ٹو کا مطالعہ پاکستان کا پرچہ شروع ہونے سے قبل باہر دستیاب تھا ، دونوں پرچے وقت سے 20 منٹ پہلے سوشل میڈیا پر گشت کرتے رہے اس طرح امتحانات کے پہلے دن سے روزانہ کی بنیاد پر پرچے باہر جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام امتحانی مراکز پر موبائل فون لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہےاس سلسلے میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین نے مختلف امتحانی مراکز پر بینرز بھی آویزاں کروائے تھے مگر اس کے باوجود کمرہ امتحانات میں کھلے عام موبائل فونز کا استعمال جاری ہے۔
دوسری جانب نقل کو روکنے پر کالج اسٹاف کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، یہ واقعہ دوپہر کی شفٹ میں گورنمنٹ ڈگری کالج بفرزون میں اس وقت پیش آیا جب پرچہ ختم ہوااور کالج اسٹاف باہر نکلا تو نقل مافیا کے کارندے وہاں پہلے سے موجود تھے انہوں نے کالج اسٹاف پر ہلہ بول دیا اور ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں کالج کے کلرک ایوب کی ٹانگیں فریکچر ہوگئیں،ڈی جی کالجز ڈاکٹر ناصر انصار نے کالج اسٹاف سے اس واقعہ کے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے انٹر کے امتحانات میں نقل کے کھلے عام استعمال کا نوٹس لینے کے بعد انٹر بورڈ کراچی بھی فعال ہوگیا اور پہلی مرتبہ ایک روز میں 17امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑ لئے.
بورڈ کی پریس ریلز کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈپروفیسر انعام احمد نے امتحانی مراکز کے ہنگامی دورے کئےجس کے نتیجے میں گورنمنٹ ڈگری بوائز/گرلز کالج کونکر ویلج گڈاپ جہاں اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتا ہوا ایک شخص پکڑا گیا، گورنمنٹ بوائزاینڈ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کونکر ولیج گڈاپ میں نقل کے پانچ کیسز پکڑے گئے جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج قائد آباد لانڈھی سے موبائل فون سے نقل کرتے ہوئے دو اور اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتا ہو ئے دو افراد پکڑے گئے اس کے علاوہ گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج سے ایک طالبعلم امتحانی مرکز سے کاپی لے کر فرار ہوگیا جبکہ گورنمنٹ ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج سے بھی ایک طالبعلم امتحانی کاپی لے کر فرارہوگیا۔ دونوں کیسز کی رپورٹ امتحانی مراکز سے بورڈ کو موصول ہوئی۔
اس کے علاوہ گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس سے نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے کے چار کیسز رپورٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں ویجیلنس ٹیم نے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول، بلاک6 ، گلشن اقبال میں کاروائی کرتے ہوئے ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا