اتوار, 24 نومبر 2024


تعلیمی ادارے پاور ہائوسز کی حیثیت رکھتے ہیں، ڈائریکٹر جنرل محمد سعید

 

 
ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل محمد سعید نےسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پرطالب علموں اور فیکلٹی سے یونیورسٹی کے سرشاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ مدرستہ الاسلام نے ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح دیا، اس لیے تمام قوم کے ساتھ پاکستان رینجرز سندھ بھی اس ادارے کے مشکورہیں کےحسن علی آفندی نے ایک کمٹمنٹ کے ساتھ یہ ادارہ سندھ کے لوگو ں کیلئے قائم کیا تھا، اس لیے ہمیں ان کا بھی مشکور ہونا چاہیئے۔ میجر جنرل محمد سعیدنے کہا کہ یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی ادارے پاور ہائوسز کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے وہ معاشر میں تبدیلی لانے کے اہل ہوتے ہیں۔
طالب علموں کو چاہئیے کہ وہ معاشرے میں پرامن کلچر کے قیام کیلئے شعورپیدا کریں۔ اس کے ساتھ ان کو تشدد اور کرائم میں ملوث عناصر کو ’’نہ‘‘ کہنا چاہیئے، جنہوں نے گذشتہ چالیس برسوں میں اس شہر کی دو نسلیں تباہ کردی ہیں۔ میجر جنرل محمد سعیدنے مزید کہا کہ پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی میں امن قائم کیا ہے، لیکن تعلیمی اداروں، شہریوں، سول سوسائٹی اور کمیونٹیز کو بھی اس شہر کو اپنا شہر سمجھتے ہوئے اس میں مستقل امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے طالب علموں کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی کی بہتری اور اس میں پرامن ماحول پیدا کرنے کیلئے سماجی تحریک شروع کرسکتے ہیں جس کافائدہ کراچی شہر کے ساتھ ملک کو بھی ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے شہر میں امن بحال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو برداشت ، رواداری اور بقا ء باہمی کیلئے بھی کام کرنا چاہئیے، اس طرح ہی انتہاپسندی کو شکست دی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے میجر جنرل محمد سعیدکو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی شیلڈ اور قائد اعظم محمد علی جناح پر لکھی ہوئی اپنی کتاب بھی پیش کی، جبکہ میجر جنرل محمد سعید نے ڈاکٹر محمد علی شیخ کو شیلڈ دی۔ اسی دورے کے دوران میجر جنرل محمد سعیدنے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی جناح میوزیم کا بھی دورہ کیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment