کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی2002 میں قیام کے بعدپہلی بار’’المنائی‘‘کے تحت اپنے تمام طلبہ کو رجسٹریشن کا موقع فراہم کررہی ہے اس سلسلے میں وفاقی جامعہ اردو اور اس کے الحاقی تعلیمی اداروں کے تمام ایسے طلبہ جنہوں نے 2014یا اس سے قبل گریجویشن کی سند حاصل کی ہوانہیں بحیثیت ’’رجسٹرڈ گریجویٹ ‘‘اندراج کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔
یہ رجسٹرڈ گریجویٹس جامعہ کی سینیٹ کی رکنیت کے لئے المنائی(Alumni) کے انتخاب میں حصہ لے سکیں گے اور حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔خواہش مند طلبہ جامعہ اردو کی ویب سائٹ www.fuuast.edu.pk پر آن لائن فارم پُر کرنے کے بعد پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں یا درخواست فارم بغیر کسی قیمت کے دفتر رجسٹرار گلشن اقبال کیمپس کراچی یا دفتر ایڈیشنل رجسٹرار اسلام آباد کیمپس سے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
طلبہ درخواست فارم کے ہمراہ 1000/- روپے کا پے آرڈر(ناقابل واپسی) بنام رجسٹرار فیڈرل اردو یونیورسٹی منسلک کریں۔پُر شدہ درخواست فارم 31اگست 2018تک دفتر رجسٹرار(انتظامی بلاک) گلشن اقبال کیمپس مین یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال کراچی کو موصول ہوجاناچاہیئے۔ مجاز اتھارٹی کسی بھی درخواست کو قواعد کے مطابق منسوخ کرنے کا استحقاق رکھتی ہے۔ فیصلے کے خلاف کسی بھی درخواست گزار کو قانونی چارہ جوئی کا کوئی حق حاصل نہیں ہوگا۔