ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ وکی پیڈیا نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے لیے ایک تصویری مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کی ترویج ہے۔
یہ ایک عالمی مقابلے کا حصہ ہے جس کا عنوان ہے ’وکی لوز ارتھ‘ یعنی وکی زمین سے محبت کرتی ہے اور اس مقابلے کے لیے تصاویر 31 مئی 2015 تک بھجوائی جا سکتی ہیں۔
یہ مقابلہ ستمبر 2013 سے ہر سال منعقد ہوتا ہے جس میں اب تک 15 ممالک شرکت کرتے ہیں اور پہلی بار پاکستان شرکت کر رہا ہےاور اسی لیے وکی پیڈیا پاکستان چاہتا ہے پاکستانی اپنی تصاویر اس مقابلے کے لیے بھجوائیں۔
پاکستان میں اس مقابلے کا عنوان ’وکیپیڈیا لوز ناردرن پاکستان‘ رکھا گیا ہے جس کے لیے قدرتی مقامات، جنگلات، نیشنل پارکس، باغات اور ثقافتی لحاظ سے اہم جگہوں کی تصاویر بھجوائی جا سکتی ہیں اور اس میں کوئی بھی شریک ہو سکتا ہے۔
اس تصویری مقابلے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ تصاویر بنانے والوں کو کریئٹو کامنز لائسنس کے تحت تصاویر مہیا کرنے کےلیے رضامند کیا جائے جس کے تحت کوئی بھی دنیا میں انھیں تصویر بنانے والے کا نام دے کر استعمال کر سکتا ہے اور اس سے تصاویر کے زیادہ پھیلنے کی امکانات ہوتے ہیں۔
جون میں اس مقابلے کی جیوری تصاویر کا انتخاب شروع کرے گی اور پاکستان اور عالمی سطح پر دس بہترین تصاویر منتخب کرے گی۔ ان بہترین دس تصاویر بنانے والے فوٹوگرافروں کو انعامات دیے جائیں گے اور عالمی سطح پر جیتنے والے فوٹوگرافر کو سنہ 2016 میں اٹلی میں ہونے والی وکی مینیا کی کانفرنس میں شرکت کے لیے وظیفہ دیا جائے گا۔