صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مدارس کے نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے مدارس کے نصاب میں تبدیلی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں اور میرے ہوتے ہوئے کوئی نصاب میں تبدیلی نہیں کرسکتا۔
اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پچھلی صوبائی حکومت میں خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں کے نصاب میں ترجمہ قرآن شامل کیا گیا تھا، اب پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے نصاب میں بھی ترجمہ قرآن شامل کیا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اپنی سیاست ختم ہوتے دیکھ کر الٹی سیدھی باتیں کرتے ہیں، علماء اور عوام غلط پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، علما کے ساتھ بیٹھ کر ان کی ضروریات پوری کریں گے۔