جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان کی دو جامعات کا برطانوی جامعہ کے ساتھ معاہدہ

 

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نارتھمپٹن یونیورسٹی برطانیہ کے اکیڈمک ڈین ڈاکٹر ہینگ میکن زی، منیجر ڈیولپمنٹ ہیتھی یونیوف نے سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین اور شہید ذوالفقار علی بھٹو لا ء یونیورسٹی کے وائس چانسلر جسٹس (ر) قاضی خالد علی کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر ہینگ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سندھ کے قانون کے طلبہ کو برطانوی ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی ڈگری کی تعلیم شہید ذوالفقار علی بھٹو لاءیونیورسٹی اور ضیاء الدین یونیورسٹی نے جون سے فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ایل ایل بی کورس کیلئے تقریباً 2300 پونڈاور ایل ایل ایم کیلئے 1300پونڈز کی رعایتی فیس لی جائے گی۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ دوسرے مضامین کی تعلیم کیلئے بھی توسیع کی جائے گی، جسٹس قاضی خالد نے کہا کہ نارتھمپٹن یونیورسٹی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو لا یونیورسٹی کے درمیان مجوزہ معاہدہ کی منظوری وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کےتعاون سے ایچ ای سی ،وزارت داخلہ، وزارت خارجہ،وزارت قانون کی منظوری کے بعد 16اکتوبر سے کابینہ ڈویڑن میں پہنچ گیا ہے امید ہے کہ جلد ہی وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے گی۔ نومبر کے آخری ہفتے میں برطانوی جامعہ کے وائس چانسلر بھی کراچی کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاہدے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دوسری جامعات بھی سندھ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے ذریعے استفادہ حاصل کریں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے سندھ کے مقدرکی تبدیلی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے 23دسمبر 2018کو شہید ذوالفقار علی بھٹو لا یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی دعوت بھی قبول کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment