جمعہ, 22 نومبر 2024


پرائیویٹ اسکول مافیا پھر سر گرم

 

کراچی : نجی اسکولوں نے عدالتی احکامات کے باوجود جون جولائی کی فیسیں وصول کرنا شروع کردیں، وزیر تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ فیسوں کے معاملے پر والدین کے ساتھ ہیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی اسکولوں کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کی فیسوں کی وصول شروع ہوگئی ہے، جون جولائی کی فیس والدین کے لیے اضافی مالی بوجھ کا سبب بن رہی ہیں۔
مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکول انسٹیٹیوشنز کی جانب سے عدالتی احکامات کی پامالی پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔
وزیر تعلیم سند سید سردار شاہ کا کہنا ہے کہ والدین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، فیسوں کے معاملے پر والدین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کو تعلیمی ایکٹ پر عمل کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم نہ ماننے والےاسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے، اس کے علاوہ حکم عدولی پر پرائیویٹ اسکولز کو بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے بھر میں موجود پرائیوٹ اسکولز کو موسمِ گرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ کے سرکاری و پرائیوٹ اسکولوں میں جون جولائی میں ہر سال دو ماہ کی سالانہ تعطیلات سرکاری سطح پر دی جاتی ہیں، اس اقدام کا مقصد طلباء کو گرمی سے محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔
پرائیوٹ اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے چھٹیوں سے قبل نیا سال شروع ہوجاتا ہے اور جن کے والدین دو ماہ کی ایڈوانس فیس نہیں دے پاتے انہیں انتظامیہ کی جانب سے نئی کلاسسز میں بیٹھنےکی اجازت نہیں دی جاتی جس کے باعث اکثر اوقات والدین اور بچوں کو شدید ذہنی کرب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment