جمعہ, 26 اپریل 2024


خیبر پختونخواہ: محکمہ تعلیم کے دفاتر میں بائیومیٹرک نظام متعارف

ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں اپنے دفاتر میں بائیومیٹرک نظام متعارف کروایا ہے۔ اس نظام کے تحت اب محکمہ تعلیم کے ملازمین کو انگلیوں کے نشان پڑھنے والی مشین کے ذریعے اپنی حاضری کا اندراج کرنا ہو گا، جو خود بخود حاضری کے وقت کا تعین کر لے گی۔

 

محکمہ تعلیم میں اس تازہ تبدیلی کا اعلان ملک کے اخبارات میں خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے شائع ہونے والے اشتہار میں کیا گیا، جس کے مطابق سیاہی سے انگوٹھا لگانے کے پرانے نظام کی بجائے اب بائیومیٹرک نظام کے تحت ابتدائی اور ثانوی تعلیمی دفاتر میں حاضری کا اندراج کیا جائے گا۔

 

اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں اس نظام کو صوبے کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفاتر میں متعارف کرایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں متعارف کرایا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبے کے باقی تمام سکولوں میں یہ نظام لایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا اس سے اساتذہ اور دیگر عملے کی وقت پر حاضری اور نظم و نسق میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment