کراچی: چئیرمین آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی کا کہنا ہے کہ اس سال بھی موسم گرما کی تعطیلات مئی جون میں ہو نگی۔ اسکولز نیا تعلیمی سال اپریل یا جولائی میں اپنی سہولت کے مطابق شروع کر سکتے ہیں۔ چئیرمین پرائیوٹ اسکولز حیدر علی نے وزیراعلی سندھ اور محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار سے تعلیمی معاملات میں ذاتی دلچسپی لینے اور فوری توجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
چئیرمین حیدر علی کے مطابق نویں دسویں جماعت کے امتحانات 16 تا 20 مارچ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 16 تا 20 اپریل سے شروع ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ آٹھویں جماعت تک کے امتحانات مارچ کے شروع میں یا اپریل کے آغاز میں لیے جاسکتے ہیں۔ چئیرمین آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق یکم جولائی سے تمام اسکولز دوبارہ کھل جائنگے۔
موسم گرما کی تعطیلات کی فیس جنوری تا جون والدین کی سہولت کے مطابق وصول کی جاسکتی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ پرائویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ سے حاصل ہونے والی غیر سرکاری لیکن حتمی معلومات کی روشنی میں اسکولز اور کالجز میں پائی جانے والی بےیقینی کو ختم کرنے اور دیگر معاملات طے کرنے کے لیے یہ اعلان کیا جارہاہے۔ آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تین ماہ قبل ڈائریکٹوریٹ پرائویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ اور سیکرٹری تعلیم کو تحریری اور بالمشافہ ملاقات میں نئے تعلیمی سال، موسم گرما کی تعطیلات کی فیس، موسم گرما کی چھٹیاں ،آمتحانات سے متعلق تجاویز اور اسٹیرنگ کمیٹی کے فوری اجلاس سمیت دیگر معاملات میں اپنے موقف سے آگاہ کر دیا تھا ۔
بعد ازاں کئی بار یاد دہانی بھی کرائی گئی اور حکام بالا سے اسٹیرنگ کمیٹی کے فوری اجلاس کے ذریعے ان تمام معاملات کو طے اور اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔ چئیرمیں پرائیوٹ اسکولز کے مطابق یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ تعلیم جیسے اہم ترین شعبے میں اس طرح سے مسلسل خاموشی اختیار کی جائے اب جبکہ تعلیمی سال مکمل ہونے کو ہے لیکن تمام سرکاری اور پرائویٹ اسکولز حتمی اور واضح لائحہ عمل سے محروم ہیں۔