کراچی: ڈاو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں واقع جمنازیم میں سالانہ اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ڈاؤ یونیورسٹی کی روایت ہے، ڈاؤ یونیورسٹی اپنی روایت کے مطابق کئی برسوں سے یہ مقابلے منعقد کرارہی ہے، اس مرتبہ یہ مقابلے پچھلے مقابلوں کی نسبت بہتر انداز میں دیکھے جائیں گے، اسپورٹس کمیٹی بھرپور انداز میں یہ مقابلے منعقد کراتی ہے، جس میں طلبہ پر جوش انداز میں حصہ لے رہے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی صلاحیتیوں میں اضافہ ہوتا ہے، بلکہ پڑھائی کے دباؤ سے بھی سکون میسر آتا ہے، اسپورٹس کمیٹی نے اپنے محدود وسائل کے باوجود ان مقابلوں کومنعقد کرایا، جو قابلِ تحسین ہے
پروفیسر سید مکرم علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے 13انسٹی ٹیوٹس کے درمیان مقابلوں میں 3500طلبا و طالبات پر مشتمل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،جبکہ 200فیکلٹی ممبزر بھی ان مقابلوں میں شریک ہونگے۔،انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان مقابلوں میں بہترین طلبہ کو آئندہ ہونے والے بین الایونیورسٹز مقابلوں کے لیے منتخب کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح اسپورٹس مقابلوں کے دوران طلبہ اسپورٹس میں اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں، اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں بھی اس پر عمل کریں۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے اسپورٹس ویک کی کامیابی میں کردار اداکرنے والے ہیڈ آف انسٹیٹیوٹس سمیت دیگر اساتذہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔