کراچی :شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کےوائس چانسلر کے عہدے کے لئے سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے تقرر کیلئے قائم تلاش کمیٹی نے 7؍ امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے ان کو آئندہ ہفتےانٹرویو کے لیے بلایا جائےگا۔ تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر قدیر راجپوت کے قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ جن ناموں کا انٹرویو کے لئے انتخاب کیا گیا ہے ان میں شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر رضا بھٹی، ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر خلیل احمد ابو پوتو، شاہ لطیف یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر یوسف خشک اور دیگر شامل ہیں۔
ذرائع بتایا کہ شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کیلئے 26 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جانچ کے عمل کے نتیجے میں 7؍ امیدواروں کے ناموں کا انٹرویو کے لیے انتخاب کرلیا گیا ہے اور اس عمل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قواعد کےمطابق مکمل پروفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ10 سالہ انتظامی تجربہ اور 15 تحقیقی پرچوں کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور دسمبر 2018 ء میں قائم کی گئی جبکہ 3 جولائی کو پروفیسر رضا بھٹی کو قائم وائس چانسلر مقرر کیا گیا یونیورسٹی بنے سے قبل یہ ادارہ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی شکار پور کیپس کے طور پر کام کررہا تھا۔