محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کی پرفارمنگ آرٹس سوسائٹی کی سربراہ فریحہ خلیل نے کورونا وائرس کے خاتمے کی جنگ لڑنے والے قومی ہیروز جن میں ڈاکٹرز، نرس، پیرا میڈیکل اسٹاف، رینجرز، پولیس اور سوشل ورکرز وغیرہ شامل ہیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آن لائن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس برے وقت میں اساتذہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ کر اپنا کردار احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں اور اس جنگ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے کام کرنے والے قومی ہیروز کو آن لائن خراج تحسین پیش کرنے کی مہم میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ اپنے ویڈیو بیانات اور نغمے سوسائٹی کو ارسال کریں جن میں سے منتخب ویڈیوز پرفارمنس سوسائٹی کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے علاوہ دوسرے لوگ بھی قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اپنے ویڈیوز بھیج سکتے ہیں۔