محکمہَ صحت، حکومتِ سندھ کی کیمیکوبیکٹیریولوجیکل لیبارٹری (سی بی ایل) کراچی کا توسیعی و ترقیاتی کام آئیندہ چار سے پانچ مہینوں میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کی زیرِ نگرانی مکمل کیا جائے گا۔
سی بی ایل کراچی کے توسیعی و ترقیاتی کام کاپہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے ، ایچ ای جے انسٹی ٹیوٹ یہ کام رضاکارانہ بنیادوں پر انجام دے رہا ہے۔
حکومتِ سندھ کی جانب سے لیبارٹری کی توسیع و ترقی بالخصوص آلات کی خریدوفروخت ، تیکنیکی اسٹاف کی تربیت وغیرہ کی مد میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کو 8 کروڑ فراہم کرچکی ہے، جب کہ محکمہَ صحت اورآئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یاد داشت کے مطابق محکمہَ صحت سندھ135ملین روپے بین الاقوامی مرکز کو کیمیکوبیکٹیریولوجیکل لیبارٹری کی توسیع و ترقی کی مد میں دے گا ۔
یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے ہفتے کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہی ، اجلاس میں ڈاکٹر شکیل احمد اور جاوید ریاض سمیت دیگر آفیشل بھی موجود تھے ۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ سی بی ایل کراچی کی توسیع و ترقی کے حوالے سے کام کا پہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے، اس حوالے سے آلات کی خریدوفروخت کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے، لیبارٹری مینجر کی بھی تقری ہوچکی ہے، اس ترقیاتی کام کادوسرا مرحلہ ساءٹ کی تیاری سے متعلق ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں محکمہَ صحت سندھ اور بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے تھے جس کا مقصد کیمیکوبیکٹیریولوجیکل لیبارٹری کی توسیع و ترقی میں محکمہ صحت کی مدد کرنا تھا۔اس معاہدے پر دستخط صوبائی وزیرِصحت ڈاکٹر عزرا پیچو کی زیرِصدارت منعقدہ ایک تقریب کے دوران ہوئے تھے ۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کو اعلیٰ تحقیقی ادارے قائم کرنے اور اُنھیں چلانے کا وسیع تجربہ ہے ،اور اس تجربے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے سندھ حکومت کی کیمیکوبیکٹیریولوجیکل لیبارٹری کی ترقی اور توسیع کے لیے بین الاقوامی مرکز اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر انجام دے رہا ہے۔
انھوں نے کہا اس پروجیکٹ کے تکمیل کے بعد سندھ کی کیمیکو لیبارٹری بنیادی کیمیائی تجربات کرنے کے قابل ہوجائے گی، اس پروجیکٹ کو قومی خدمت کے جزبے کے تحت پایہَ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے جو نہ صرف بین الاقوامی مرکز بلکہ پوری جامعہ کراچی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔