کراچی: ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے طلبا اور فیکلٹی کو متنبہ کیا ہے کہ تعلیم دشمن عناصر کی طرف سے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات اور اعلانات کی تشہیر کی جارہی ہے ، اس لیے طلبا کو نصیحت کی جاتی ہے کہ وہ ایچ ای سی سے متعلق تمام معلومات ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر ضرور دیکھیں اور اُ ن کی تصدیق کریں۔
ایچ ای سی نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں پھیلی افواہ کے برعکس ایچ ای سی کی ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی بلکہ چند تعلیم دشمن عناصر کی طرف سے جعلی اعلانات پر مبنی معلومات فوٹوشاپ کے ذریعے تیار کرکے پھیلائی گئیں۔
ایسی جعلی تصاویر میں مختلف موضوعات پر غلط اعلانات مثلاً امتحانات کی تنسیخ، آن لائن تعلیم کا اختتام، داخلوں اور وظائف کی فراہمی میں تعطل وغیرہ درج کیے جارہے ہیں جن کا مقصد صرف تعلیمی معیار کو نقصان پہنچانا ہے ۔ اگرچہ ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر سائبر حملے کیے گئے اور بظاہر یہ حملے ملک سے باہر سرورزکی مدد سے ہوئے ، تاہم ایچ ای سی کی تکنیکی ٹیم اِن حملوں کے خلاف مسلسل کام کررہی ہے۔
ایچ ای سی کے پروگراموں اور خدمات سے متعلق معلومات کیلئے طلبا، تعلیمی و تحقیقی حلقوں اور عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ایچ ای سی کی اصل ویب سائٹ دیکھے بغیر کسی بھی ایسی معلومات یا اعلانات پر توجہ نہ دیں اورصرف مصدقہ سوشل میڈیا صفحات جو کہ ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے منسلک ہیں پر بھروسہ کریں یا فوکل پرسن سے رابطہ کریں۔