کراچی: نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ آف کمیونی کیشن اینڈ اکنامکس کی چیئرپرسن ہما بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آن لائن درس وتدریس کا سلسلہ آنے والے وقتوں میں بہت اہمیت کا حامل ہے، موجودہ صورت حال میں طلباکا قیمتی تعلیمی سال بچانے کے لیے آن لائن درس وتدریس وامتحانات کا انعقاد تمام تعلیمی اداروں کے لئے نیا تجربہ ثابت ہوا ہے۔
آن لائن درس وتدریس میں یقینا دشواریاں ضرور آئیں کیونکہ اساتذہ کے لیے یہ نیا تجربہ تھا اور طلبا کے لیے بھی، اب ہمیں ان جدید ٹیکنالوجی کی افادیت کو سمجھنا ہے، اساتذہ کی تربیت کے لیے آن لائن کلاسز کا اجرا بہت ضروری ہے جس کے لیے ہمیں ایسے ٹیکنیکل اساتذہ کی ضرورت ہے جو اساتذہ کو آن لائن درس وتدریس کی آگہی دے انٹرنیٹ کنکشن کے ذریعے آن لائن ایجو کیشن کے حوالے سے بعض کمزور پہلو بھی سامنے آئے ہیں جن کو انٹر نیٹ پرووائڈر کمپنیز کے تعاون سے حل کر کے طلباکے لیے آسانی پیدا کی جا سکتی ہیں،ہما بخاری نے کہا کہ آئندہ ہمیں اپنے اساتذہ کے لیے ماہر آئی ٹی کی خدمات حاصل کرنی پڑیں گی۔
کورونا بحران نے ہمیں سکھادیا ہے کہ ہمیں اب آئندہ تعلیمی اداروں کو کس انداز میں چلانا ہے اور ہمیں درس وتدریس کے لیے طلبا فہم وطلبا دوست کورسز کا اجرا کرنا ہوگا تاکہ طلبا باآسانی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں،حکومت ماہرین تعلیم کی آن لائن کانفرنس بلائے، نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ نے انتہائی مہارت سے رواں سیمسٹر کو جاری رکھا بلکہ امتحانات کا انعقاد بھی ممکن بنایا، آئندہ سیمسٹر میں موجودہ تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے مزید بہتری لائی جائے گی۔