ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایچ ای سی جامعہ کراچی کوتکنیکی سہولیات بھی فراہم کرےگا

کراچی: ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جامعہ کراچی کو فراہم کئے جانے والے آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم(موڈل) پرعملدرآمد کے لئےآج وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں اجلاس منعقد ہوا۔
 
اجلاس میں ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد عاصم نور اور نمائندے علیشبہ صدیقی،منصورحسین ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان،ڈاکٹر ندیم محمود،ڈاکٹر صادق علی خان،ڈاکٹر مصطفی حیدر،مکیش کمار،جاوید اکرم اور انجینئر اشفاق خانزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 
اجلاس میں طے پایا کہ آئند ہونے والے سیمسٹر کے تدریسی عمل کو مذکورہ سسٹم پر منتقل کردیا جائے گا۔مذکورہ سسٹم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کی سربراہی میں ایک نو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ایچ ای سی کے بھی دوتربیتی نمائندے شامل ہیں جو مختلف ذیلی کمیٹیوں کو مرتب کرکے شعبہ جاتی نمائندوں کے ذریعے اساتذہ اور طلباوطالبات کا ڈیٹا مرتب کرے گی جس کی مدد سے اساتذہ اور طلبہ کے لئے ٹیچنگ لرننگ اکاؤنٹس مرتب کئے جائیں گے۔
 
مذکورہ سسٹم شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی درخواست پر جامعہ کراچی کو فراہم کیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ ایچ ای سی جامعہ کراچی کو تکنیکی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔علاوہ ازیں ایچ ای سی نے جامعہ کراچی کے تکنیکی عملے کو مینیجریل اکاؤنٹس بھی مہیا کردیئے ہیں۔
 
واضح رہے کہ مذکورہ سسٹم پوری دنیا میں ایک منفرد اور معیاری لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے طور پر جانا،پہچاناجاتاہے اور جامعہ کراچی اپنی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کی بدولت بین الاقوامی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لئے شب وروز کام کررہی ہے۔
 
اس موقع پر ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد عاصم نورنے کہا کہ بلا شبہ مذکورہ سسٹم پر عملدرآمد ایک بہت بڑی قومی خدمت ہے اور وائس چانسلر کی پیشہ وارانہ فہم و فراست کا عملی ثبوت ہے جو یقینی طور پر موجودہ صورتحال میں سماجی اور تعلیمی نقصان کو کم کرنے میں ایک بہت بڑی خدمت ہے۔
 
ہماری خواہش ہے کہ جامعہ کراچی نہ صرف اس میں خود کفیل ہو بلکہ ایک بڑی جامعہ ہونے کے ناطے دیگر جامعات کو بھی اس حوالے سے تربیت فراہم کرنے میں ایچ ای سی کی معاونت کرے۔انہوں نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی اس بات کی تائید کی کے اس قسم کے اقدمات عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر ہونے چاہیئے اور انہوں نے اس حوالے سے جامعہ کراچی کی کاوشوں کو سراہا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment