اسلام آباد: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری کی زیرِ صدارت تمام صوبوں کے جامعات کے وائس چانسلرزکا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے جامعات کے سر براہان کوعالمی وبا کوروناکی دوسری لہر سے بچائو کے لئے ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کراتے ہوئے آپس میں رابطے میں رہیں اور ایک دوسرے سے کوویڈ 19سے بچائو کے لئے کئے گئے طریقہ کار کا تبادلہ بھی کریں ،
گزشتہ روز وائس چانسلرز کے اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں وبا کے خطرے کے پیش نظرجامعات کو اپنی استعداد کار بڑھانا ہوگی۔کورونا سے نمٹنے کی اس کوشش میں ہمیں طلبہ کو اپنا شریک کار بنانا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایچ ای سی انٹرنیٹ کنیکٹوٹی (Internet Connectivity)کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ رابطے کو جاری رکھے گا۔
جامعات کے سربراہان نے ضلعی انتظامیہ اور شعبہ صحت کے حکام کی طرف سے تعاون پر تسلی کا اظہار کیا اور ان کے متعلقہ کیمپسز میں کیے جانے والے رینڈم ٹیسٹس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔
وائس چانسلرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت اور ایچ ای سی کے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ کرونا کے دوبارہ پھیلائو کا تدارک کیا جاسکے ۔