متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی کے طلباء اور طالبات کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے 33 فیصد طلباء و طالبات پاس ہوئے جبکہ 71 فیصد طلبہ پری انجینئرنگ اور 67 فیصد پری میڈیکل میں فیل ہو گئے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی کے لیے والدین فیس جمع کرائیں گے، یہ سب آمدنی کے طریقے ہیں، جو قابل بچے تھے ان کا مستقبل ایسے تباہ کیا جا رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا کہ جو لوگ طاقت ور تھے وہ مزید طاقت ور ہو گئے، کراچی کے امتحانی بورڈ کو تباہ و برباد کر دیا گیا، کراچی کے نوجوانوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے میٹرک اور انٹر بورڈ کے نتائج کی شرح کو کم کیا جا رہا ہے، اندرونِ سندھ کے میٹرک اور انٹر بورڈ کے نتائج کی شرح کو کامیاب قرار دیا جا رہا ہے۔