Tuesday, 07 January 2025


گیارہویں جماعت کےمتنازعہ نتائج کےخلاف انکوائری کمیٹی کی تشکیل

چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج پر طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا ہے ۔

سید شرف علی شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈزڈپارٹمنٹ محمدعباس بلوچ سے ملاقات کی۔ اجلاس میں طلبہ کے تحفظات دور کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کے اعتماد کوبحال کیا جاسکے ۔کمیٹی اس تمام معاملے کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔چیئرمین انٹربور ڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ طلبہ ہماری ترجیح اور مستقبل ہیں، ان کی شکایات کے تدارک کے لیے ہم ہر ممکن اقدام کریں گے ،قائم کمیٹی امتحانی عمل کو مزید شفاف اور معیاری بنانے کے لیے مکمل غیرجانب داری سے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی پرچوں کی جانچ اور نتائج کی تیاری کے عمل میں شفافیت سمیت تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لے گی۔

انہوں نے طلبہ اور ان کے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویزبراہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں، وہ طلبہ جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروا دیں۔

Share this article

Leave a comment