Tuesday, 14 January 2025


بالی ووڈاداکارہ پریتی زنٹاکیلیفورنیاکی خوفناک آگ سے خوفزدہ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہونے والی تباہی کا احوال شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے آگ سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ اس آگ کے باعث انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے اور کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ ایسا کوئی منظر دیکھیں گی۔

پریتی زنٹا نے لکھا کہ انہوں نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ ایسا دن دیکھیں گی جب لاس اینجلس کی آگ ان کے اردگرد کے محلوں کو تباہ کر دے گی، جس کے باعث ان کے عزیز و اقارب کو اپنے گھر خالی کرنے پڑیں گے یا ہائی الرٹ پر رہنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں اور دادا دادی کے ساتھ، برف جیسے دھندلے آسمان سے گرتی ہوئی راکھ دیکھنا ایک خوفناک اور غیر یقینی صورتحال تھی اور وہ اس سوچ سے پریشان تھیں کہ اگر تیز ہوائیں نہ تھم سکیں تو کیا ہوگا۔

اداکارہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والی تباہی پر دل شکستہ ہیں لیکن خدا کی شکر گزار ہیں کہ ان کا خاندان ابھی تک محفوظ ہے۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہوائیں جلد تھم جائیں اور آگ پر قابو پا لیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے فائر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان افراد کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں وہاں کے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔

Share this article

Leave a comment