وفاقی نظامت تعلیمات نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے اشتراک سے 100 اسکولوں کی سولرائزیشن کامیابی سے مکمل کر لی۔
وفاق کے سرکاری تعلیمی ادارے سولر سسٹم پر منتقل کردئیے گئے۔ تعلیمی اداروں میں سولر سسٹم کے ساتھ ساتھ بیک اپ کے لیے بیٹریوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ یہ شاندار کامیابی عمدگی، پائیداری، اور اختراعی حل کے لیے ہماری لگن کی عکاس ہے۔ سولر پینلز کی تنصیب نہ صرف کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرے گی بلکہ ہمارے اسکولوں کے لیے توانائی کا ایک قابل اعتماد اور ماحول دوست ذریعہ بھی فراہم کرے گی۔
محی الدین وانی نے مزید کہا رواں مالی سال میں یہ ادارے سولر سسٹم پر منتقل کئے ہیں آئندہ مالی سال میں باقی تعلیمی اداروں کو بھی سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی پلاننگ کی جائے گی۔