Sunday, 19 January 2025

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی پولیس کے سابق چیف شاہد حیات کو ڈی آئی جی سی آئی ڈی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سابق کراچی پولیس چیف شاہد حیات کو ڈی آئی جی سی آئی ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ جبکہ شاہد حیات کو ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی کا چارج دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

ایمز ٹی وی(خیبر ایجنسی)خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود اور باڑہ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی بمباری میں 15شدت پسند مارے گئے ہیں آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ان علاقوں میں کی گئی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے تین خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے جون میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس میں اب تک 1200 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایمز ٹی وی (میانوالی) میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے میں اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھوں گا، لیکن نواز شریف استفیٰ دینے میں بالکل جلدی نہ کریں تاکہ میں پوری قوم کو جگا لوں کیونکہ اگر یہ قوم جاگ گئی تو کوئی ہمیں روک نہیں سکے گا اور ہم ایک نیاپاکستان بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اب ہمیں کبھی ظلم برداشت نہیں کرنا بلکہ ظلم کے سامنے کھڑا ہو جانا ہے کیونکہ جو معاشرہ ظلم کے سامنے جھک جاتا ہے وہ جانوروں کے مقام پر پہنچ جاتا ہے اور وہاں حقوق نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہتی، وہاں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں ہو تا۔ انھوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں وزیر آباد میں ’گو نواز گو‘ کہنے والوں کو ن لیگ کی جانب سے مارا جا نا ’ٹریلر‘ ہے میں ان کو کہتا ہوں کہ یہ بادشاہت نہیں بلکہ جمہوریت ہے،’گو نواز گو‘ کہنا کوئی بری بات نہیں ،اورنہ یہ قانون کی خلاف ورزی ہے، یہ ہر کسی کا جمہوری حق ہے لیکن مسلم لیگ ن کے بدمعاش یہ نعرہ لگانے والوں کو مار رہے ہیں، اگر کوئی مجھے ’گو عمران گو‘ کہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہو گاکیونکہ میں جمہوری حقوق کا احترام کرتا ہوں ، نواز شریف اور شہباز شریف کی طرح لوگوں کو دھکے نہیں دوں گا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) صدرمملکت ممنون حسین نے ایڈمرل ذکاءاللہ کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ تعینات کردیاہے اور وہ موجودہ نیول چیف آصف سندھیلہ کی ریٹائرمنٹ پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔ایڈمرل ذکاءاللہ کا تعلق نیوی کی آپریشنل برانچ سے ہے اور وہ سمری میں بھیجے گئے چاروں ناموں میں سب سے سینئر تھے ، اُنہوں نے دوان ٹریننگ اعزازی شمشیربھی حاصل کی اور کئی اہم عہدوں پر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ وہ پریذیڈنٹ پرائیڈآف پرفارمنس بھی رکھتے ہیں ۔ 
ایوان صدرکے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سنیارٹی کا خیال رکھا اور اُن کی ایڈوائس پر صدرمملکت نے موسٹ سینئر افسرایڈمرل ذکاءاللہ کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ تعینات کیا ہے۔ یادرہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ سات اکتوبرکو ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔

ایمز ٹی وی:(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے آزادی دھرنے کی حمایت میں سی ویو کلفٹن پر کرپٹ اور جعلی حکمرانوں کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے سے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان نے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور لاہور کے جلسوں نے ثابت کردیا کہ پاکستان کی 18کروڑ عوام تبدیلی چاہتی ہے اور اس تبدیلی کے سفر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ 11مئی 2013کو اسٹیٹس کو کی حامی جماعتوں نے دھاندلی کے ذریعے ہی اقتدار پر قابض ہوئے اس لیے آج پاکستانی عوام سراپا احتجاج ہے اور پاکستانی عوام اب کسی صورت اس دھاندلی زدہ حکمرانوں کو برداشت نہیں کرینگے -اور انشاءاللہ بہت جلد نواز حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ تحریک انصاف کے دھرنے میں آفتاب جہانگیر، اسلم خالق، سعدیہ آغا، عثمان کوہستانی ، ملک خورشید تنولی ، شاہین باجی ،دعا زبیر اور دیگر کارکنان و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ دھرنے میں تحریک انصاف کے کارکنان نے گو نواز گو کے نعرے لگائے، عمران خان زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ثمر علی خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس جعلی اور فرسودہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے کیونکہ اس نظام میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے ۔ لوٹ مار ، کرپشن اور اقرباءپروری عروج پر ہے اور غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے ۔ چیئرمین عمران خان نے جس طرح عوام میں شعور اجاگر کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ پاکستانی عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحد ہوچکے ہیں.

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کا وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس خارج کردیا اور رولنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق وزیراعظم سمیت کسی بھی رکن اسمبلی کی ایوان میں کی گئی بات کوآئین کے آرٹیکل 66 کی شق ون کے تحت کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نےریفرنس مستردکرتے ہوئے کہاکہ ریفرنس حقائق کے منافی ہے ، وزیراعظم کو آرٹیکل 66ون کے تحت استثنیٰ حاصل ہے جبکہ 63 ٹو کے تحت وزیراعظم کی اہلیت پر سوال ہی نہیں اُٹھتا۔ اسپیکر کی طرف سے جاری ہونیوالی پانچ صفحات پر مشتمل رولنگ میں کہاگیاکہ نوٹس میں اُٹھائے نکات حقائق کے منافی ہیں ، جو بھی رکن اسمبلی ایوان میں بات کرے ، اُسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا، یہ سپیکر کو دیکھناہے کہ اہلیت پر سوال اُٹھتاہے یانہیں، امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ رولنگ کو جلدہی سپریم کورٹ میں پیش کردیاجائے گاجہاں فوج سے متعلق اسمبلی میں وزیراعظم کے بیان کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کی درخواست زیرسماعت ہے۔

ایمز ٹی وی (میانوالی) میانوالی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، میانوالی کو پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ سمجھاجاتاہے اور بیس ہزار سے زائد کرسیاں گراﺅنڈ میں لگائی گئی ہیں اس سلسلے میں خیبرپختونخواہ ، فاٹااور میانوالی کے گردونواح سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے میانوالی میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے بھی دوہزار الگ نشستیں موجود ہیں ۔ جلسے کے منتظم ڈاکٹر صلاح الدین نے بتایاکہ مختلف مکتبہ فکر کی خواتین کی طرف سے مثبت جواب ملنے پر ہی الگ انتظام کیاگیاہے کیونکہ میانوالی میں زیادہ ترمقامات پر خواتین ووٹ ڈالنے ہی نہیں نکلتیں جبکہ گراﺅنڈ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ سمانے کی جگہ موجود ہے، واضح رہے کہ ایک قافلے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایمز ٹی وی (ملتان) تحریک انصاف نے آزاد امیدوار عامر ڈوگر اور ن لیگ نے مخدوم جاوید ہاشمی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ این اے 149 کے ضمنی انتخابات میں 18 امیدوار مدمقابل ہیں لیکن ن لیگ کی آشیرباد سے مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کی سرپرستی ملنے پر عامر ڈوگر مضبوط امیدوار بن گئے ہیں جنہوں نے الیکشن میں اپنی کامیابی یقینی بنانے کیلئے سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ این اے 149 شہری حلقہ ہے جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مقابلے میں ن لیگ نے متعدد بار کامیابی حاصل کی ہے لیکن ضمنی الیکشن میں جاوید ہاشمی کی بالٹی اور عامر ڈوگر کے خرگوش کی جیت کا فیصلہ حلقے کے 3 لاکھ 42 ہزار ووٹرز 286 پولنگ سٹیشن پر کریں گے ۔ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی میدان میں ہیں جنہوں نے اپنی انتخابی مہم صرف بینرز اور پمفلٹس کی حد تک ہی محدود کر رکھی ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سیکیورٹی فورسز نے اسلام آباد کے تھانہ بنی گالا کی حدود میں پنڈ بگوال کے علاقے میں ریکی کے دوران پولیس اور رینجرز کے کمانڈوز کی مدد سے چھاپہ مار کر 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔ سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ ملزمان سے اے کے 47 اور 12 بور پستول سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی اسلحہ اور سیکڑوں گولیاں بھی برآمد کی ہیں۔ جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج کر کے انھیں مزید تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیاہے.

ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے بازید خیل میں گاڑی کا سلنڈر روز دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے.