Monday, 16 December 2024

  ایمز ٹی وی (لاہور) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان اور چین کے مابین ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔  ان کا کہنا تھا کہ چینی قیادت نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔  دھرنا سیاست دھری کی دھری رہ گئی،ترقی کے مخالفین کو پاک چین معاہدوں سے مایوسی ہوئی ہے، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔ چین کے ساتھ معاہدوں پر تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ عملدر آمد کیا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک)

افغان حکام کے مطابق  دھماکہ  مشرقی صوبے لوگر میں ہوا جہاں خودکش حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

حکام کے مطابق اس حملے میں ایک پولیس افسر سمیت سات پولیس اہلکار مارے گئے۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھا اور اس نے کمانڈر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے دفتر پہنچے۔

ادھر پیر کو ہی مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں پولیس کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

صوبائی ترجمان احمد ضیا عبدالزئی کے مطابق اس حملے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے انخلا کا وقت جیسے جیسے قریب آ رہا ہے ملک میں طالبان کی کارروائیوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی)  سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 600 بچوں کی روزانہ اموات ہوتی ہے لیکن تھر میں 2 بچوں کی ہلاکتوں پر شور شرابہ کیا جارہا ہے جبکہ تھر میں بچوں کی ہلاکتوں سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹ جعلی تھی۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تھرپارکر سندھ کا سب سے زیادہ پسماندہ ضلع ہے جہاں حکومت ریلیف کا کام بخوبی انجام دے رہی ہے اور پہلے مرحلے میں ضلع میں میٹھے پانی کے لئے آر او ز پلانٹ لگائے گئے ہیں، اگر تھرپارکر میں بارش نہیں ہوئی تو اس میں حکومت کچھ نہیں کرسکتی۔وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، حکومت دہشتگردوں کا مقابلہ کررہی ہے ۔

  ایمز ٹی وی (اسلام آباد) مسلم لیگ ن کی رہنماءماروی میمن نے کہا ہے کہ ہماری حکومت عوام کے مینڈیٹ سے وجود میں آئی ہے ، ہم کسی مک مکا کے نتیجے میں حکومت میں نہیں آئے۔ان کا کہنا تھا کہ اقبال ڈے پر عوام کو عدم برداشت سکھایا جا رہا ہے جو نظریہ پاکستان کے خلاف ہے ،ان کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیئے۔دھرنے کے حوالے سے ماروی میمن نے کہا کہ دھرنا اب چھوٹی سی دھرنی میں تبدیل ہو گیا ہے جبکہ ڈی جے بٹ بھی اب لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

 امریکی صدر اوباما نےکہا کہ 

امریکہ اور اس کے اتحادی عراقی افواج کی دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ہاتھوں پسپائی کے بعد عراقی افواج کی مدد کو آئے ہیں۔ دولت اسلامیہ نے شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر قبضہ جما رکھا ہے۔

امریکہ اور اس کے اتحادی عراقی اور کرد افواج کی مدد کے لیے دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائی میں مصروف ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق عراقی افواج نے بیجی شہر کے بڑے حصے پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ اس شہر میں عراق کی سب سے بڑی آئل ریفائنری واقع ہے۔

دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر غلبہ قائم کر رکھا ہے

امریکی صدر نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیوں سے ان کی آگے بڑھنے کی صلاحیت کم ہوئی ہے اور اب ضروری ہے کہ عراقی افواج دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف آگے بڑھیں اور ان کو ان علاقوں سے بے دخل کریں جہاں پر انھوں نے قبضہ کر لیا تھا۔

امریکی افواج دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف زمینی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے رہے بلکہ وہ عراقی افواج کی تربیت اور رہنمائی کر رہے ہیں

پینٹاگون کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نو عراقی اور تین کرد بریگیڈوں کو تربیت مہیا کریں گے اور اس مقصد کے لیے مراکز بنائے جائیں گے۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عمران خان کے رحیم یار خان جلسہ کی تقریر کے رد عمل میں وفاقی وزیر اطلاعات اور حکومت پاکستان کے ترجمان پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران کان اگر سچائی کا درس دیتے ہیں تو انہیں خیبر پختونخواہ میں اپنی ناکامیوں کا اعتراف بھی کرنا چاہیے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آ رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کون ملک کی ترقی چاہتا ہے اور کون ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے دورہ چین سے عمران خان کے رکاوٹ ڈالنے کے خواب چکنا چورہو گئے ہیں۔اور چین کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا پاکستان حکومت کی شفافیت کی دلیل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ووٹ ڈال کر نیا پاکستان بنا لیا ہے اور اب عوام اپنے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا بھی جانتے ہیں اور وہ عمران خان کے جھوٹے دعووں کو قبول نہیں کریں گے۔

 ایمز ٹی وی (رحیم یار) رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے نہ جھکنے اور نہ بکنے والا شخص چاہیے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ شاہ محمود قریشی وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب! آپ کی کہانی مُک گئی ہے۔ آصف زرداری بھی سن لیں 21 نومبر کو لاڑکانہ آ رہے ہیں جتنی چاہے رکاوٹیں ڈال لیں،انھوں نے کہا کہ قومیں قرضوں سے نہیں، جذبوں سے بنتی ہیں۔

 ایمز ٹی وی (تھر) تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث مزید دو بچے دم توڑ گئے،اس طرح 43 دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد 49 ہوگئی۔دوسری طرف غذائی قلت اور مویشیوں کے چارے کے بحران سے متاثرہ علاقوں تھرپارکر، چھاچھرو اور ڈاھلی میں لوگوں کی نقل مکانی تیزی سے جاری ہے ، چھاچھرو اور ڈاھلی تحصیلوں سے نقل مکانی کرنے والے قحطہ متاثرین کے قافلے آئے روز در بدری کا شکار ہیں، حکومتی امداد سمیت تمام تر امدادی کارروائیوں کا رخ مٹھی شھر تک محدود ہیں۔ جبکہ چھاچھرو انتظامیہ نے 30 روز گزرنے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا، چھاچھرو تحصیل اور ڈاھلی تحصیل میں گذشتہ تین سال سے علاقہ مکینوں کا قحط مقدر بن چکا ہے، ان دیہاتوں میں غذائی قلت برقرار ہے، ریلیف کی گندم بھی دور دراز دیہاتوں تک نہیں پہنچ سکی ہے، مٹھی سول ہسپتال میں جہاں بچوں کی اموات میڈیا کی رپورٹ ہوتی ہیں وہاں پر تو امدادی کارروائیاں سرگرم ہیں مگر چھاچھرو کے دور دراز 675 گائوں میں جہاں نہ سڑکوں کی سہولیات ہیں وہاں پر جو بچے غذائی قلت سے موت کا شکار بنتے ہیں وہاں پر نہ ہی میڈیا کی رسائی ہوتی ہے،نہ کوئی امدادی ٹیمیں ، متاثرین کے قافلے آئے روز سسسک سسک کر گذر رہے ہیں ۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک)

ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم ایک مضبوط پوزیشن میں ہے۔

 احمد شہزاد اور اظہر علی نے پاکستان کی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی ہے 

احمد شہزاد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا بہترین سکور بنانے کے بعد 156 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

وہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ٹیسٹ اننگز میں 150 رنز بنانے والے سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل یہ اعزاز حنیف محمد کے پاس تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں نو نومبر سے 19 دسمبر کے دوران تین ٹیسٹ، دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم اگر تین صفر سے بھی یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تب بھی وہ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہی رہے گی البتہ اس کے اور نمبر دو ٹیم آسٹریلیا کےدرمیان پوائنٹس کا فرق کم ہوجائے گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم جو اس وقت عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے سیریز جیتنے کی صورت میں اپنی رینکنگ بہتر کر سکے گی -

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نوازشریف دو روزہ سرکاری دورے پر آج جرمنی روانہ ہورہے ہیں ۔ انہیں اس دورے کی دعوت جرمن چانسلر انجیلا مرکیل نے دی تھی، اپنے دورہ جرمنی کے دوران وزیر اعظم جرمن چانسلر اور دیگراعلیٰ ترین حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور،عالمی وعلاقائی صورت حال اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف چین کے سرکاری دورے سے گزشتہ روز ہی وطن واپس پہنچے ہیں۔