Friday, 29 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی (تعلیم)انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نئی نسل کا کتاب سے دوستی کا رشتہ بحال کرنے کیلئے انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور میں کتب میلہ سجایا گیا۔ تنہائی کی بہترین دوست کتاب سے ٹوٹا ناطہ بحال کرنے کیلئے انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور میں کتب میلے کا انعقاد کیا گیا تو کتب بینی سے لگائو رکھنے والے نوجوان امڈ آئے۔ کسی نے اپنی تعلیمی ضرورت پوری کرنے کیلئے رعایتی نصابی کتب اٹھائیں تو کسی نے ادبی ذوق پورا کیا۔ طلبہ نے کتب میلے میں خوب دلچسپی لی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں میں نہ صرف نصابی کتب رعایتی نرخوں پر مل جاتی ہیں بلکہ علم وادب کا خزانہ بھی ہاتھ لگ جاتا ہے۔ نمائش کے شرکاء کا کہنا تھا کہ کتب میلوں سے سوشل میڈیا کے دور میں طلبہ اور نوجوان نسل کا کتاب سے دوستی کا رشتہ بحال کرنے میں مدد ملتی ہے.

ایمزتی وی (اسلام آباد)قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں ایوان کی کارروائی سے متعلق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے چیمبر میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ عوامی اور دیگر جماعتوں کے رہنما اور ارکان شریک ہیں۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں آج کی کارروائی سے متعلق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن رہنما اور ارکان اکٹھے اسممبلی میں جائیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے ارکان ایک مرتبہ پھر شریک نہیں ہوئے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کے رہنماؤں کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منایا جائے گا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) گزشتہ روزپاک امریکا سیکیورٹی،اسٹریٹیجک استحکام اور عدم پھیلاؤ ورکنگ گروپ کے آٹھویں مرحلے کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائر گروپ کا مکمل رکن بننے کی اہلیت رکھتا ہے۔ امریکا نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ اور دیگر کثیرالجہتی ایکسپورٹ کنٹرول رجیم کے ساتھ اسٹرٹیجک ٹریڈ کنٹرول ہم آہنگ کرنے کیلیے پاکستان کی نمایاں کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اجلاس میں پاکستان جب کہ امریکی نائب سیکریٹری خارجہ برائے آرمز کنٹرول و بین الاقوامی سیکیورٹی روز گوٹی موئیلر نے امریکا کی نمائندگی کی۔ پاکستانی وفد نے اس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ایکسپورٹ کنٹرول رجیم خصوصاً نیو کلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی ) اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول رجیم کا مکمل رکن بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے سماجی و اقتصادی ضرورت کے تحت نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال تک رسائی پر زور دیا اس کے علاوہ پاکستان نے صحت، زراعت اور واٹر سیکٹرز میں نیوکلیئر سائنس کے پرامن استعمال میں امریکا کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔ امریکا نے بھی پاکستان کے ساتھ نیوکلیئر سائنسی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکی وفد نے اپنی اسٹریٹیجک ٹریڈ کنٹرولز کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے کنٹرولز سے ہم آہنگ کرنے کے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ پاکستان نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ خطہ میں نیوکلیئر ٹیسٹنگ میں پہل نہیں کرے گا۔ اجلاس میں دونوں ملکوں نے نمایاں تنازعات کو پرامن طریقہ سے حل کرنے پر زور دیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر آفس میں گزشتہ روز ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور چیئرمین ایکسپورٹ پروسسنگ زون ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبریری کراچی یونیورسٹی کے لئے ڈاکٹر جمیل جالبی کی طرف سے ایک بہت بڑاعلمی تحفہ ہے جس میں ایک لاکھ کتابیں اور قلمی مخطوطے شامل ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کتب خانے کی تعمیر سے طالب علموں کی دانش اور ریسرچ کے معیار میں اضافہ ہوگا۔

ایمزٹی وی(تعلیم) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹوریٹ آف کنٹینو پروفیشنل ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام لفظی اور غیر لفظی کمیونی کیشن سے متعلق انتہائی معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار میں دائود یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے چیئرپرسنز ، اساتذہ ، کلیہ ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے شعبہ بنیاد سائنس کی عائشہ عامر نے موثر کمیونی کیشن کے فوائد اور طریقوں سے طلباء و طالبات کو آگاہ کیا ۔ عائشہ عامر نے اپنی پریذنٹیشن میں لفظی اور غیر لفظی کمیونی کیشن کی صلاحیتوں کے مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)ملیر چھاؤنی میں کراچی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے نام سے ایک میڈیکل کالج قائم کیا جارہا ہے۔۔میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے رکھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی تعمیر اور سہولتوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں،جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین اور تجربے کار اساتذہ کا تقرر عمل میں لایا جارہاہے ،جدید طبی مشینری اور آلات بھی درآمد کیے جارہے ہیں۔ کمبائنڈ ملٹری اسپتال ملیر سے منسلک اس میڈیکل کالج کا الحاق نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے ساتھ عبوری طور پر کیا جاچکا ہے ۔اس میڈیکل کالج کے پہلے 100 طالب علموں کا انتخاب اکتوبر یا نومبر 2016 تک کرلیا جائیگا۔منصوبے کا تعمیراتی کام جنرل آفیسر کمانڈنگ ملیر گیریژن میجر جنرل شہزاد نعیم خان کی زیر نگرانی جاری ہے

ایمزٹی وی(تعلیم)بیکن ہائوس ویلنشیا ٹائون کیمپس کے طالب علم شاہ میر خان نیازی نے عالمی سطح پر انٹل انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ مقابلے میں چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ۔ مقابلے میں 75ممالک سے 1700 طلبہ نے شرکت کی ۔ جن میں سے نہم سی کے طالبعلم شاہ میر نے فزکس کے شعبے میں انفرادی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کردیا -

ایمزٹی وی (آزاد کشمیر)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ 30 مئی کو چیئرمین بلاول بھٹو زردا ری کی میرپور آمد کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں بڑا جوش وخروش پایا جا رہا ہے ،بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں نے بھارت کے ایوانوں کو ہلا کررکھ دیا ہے ،اقتدار پرستوں کو بلاول فوبیا ہوگیاہے ،خوفزدہ عناصر کی جگہ جگہ چیخیں سنائی دے رہی ہیں، بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کی آرزوئیں اور امیدیں خاک میں مل جائیں گی ،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہیں پیپلز پارٹی کا 30 مئی کا جلسہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا،اجلاس میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنان نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو یقین دہانی کروائی کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے میرپور جلسہ کو پاکستان اورآزاد کشمیر کی تاریخ کا کامیاب ترین جلسہ بنائیں گے ، کارکنان اپنے ہردل عزیز اور محسن لیڈر کا والہانہ تاریخی استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی ہی عوامی قوت اورکشمیریوں کی اصل ترجمان جماعت ہے اوراس جماعت کو ہی عوام کا اصل مینڈیٹ حاصل ہے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کی جانب سے 7 سوالات کے جواب نہ ملنے کے بعد مزید 70 سوالات تیار کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم سے پوچھنے کے لئے مزید 70 سوالات تیار کرلئے جس کے حوالے سے اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اب وزیراعظم سے 70 سوالات کے جوابات مانگے جائیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کے ترتیب دیئے گئے 70 سوالات میں چیدہ چیدہ یہ ہیں کہ نوازشریف حکومت وضاحت کرے کہ ان کے خاندان نے بیرون ملک پیسہ کیسے بھجوایا، کیایہ درست نہیں کہ وزیراعظم کےعہدے پر ہوتے ہوئے لندن میں اربوں کی جائیدادخریدی اور کیا وزیراعظم نے اپنے نابالغ بچوں کے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے جب کہ 1993 میں جس وقت شریف خاندان نے پارک لین میں اپارٹمنٹ خریدا اس وقت حسن نواز کی عمر محض 17 برس تھی۔ متحدہ اپوزیشن کے آج ہونے والے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کوئی شریک نہیں ہوا جب کہ متحدہ ارکان نے شکوہ کیا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن کا اسٹیرنگ پیپلزپارٹی نے سنبھال لیا ہے اور ہمیں پوچھا نہیں جارہا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن متحد ہے کہ کل کے اجلاس میں جو ہوا وہ تمام جماعتوں کی حکمت عملی کاحصہ تھا اور متحدہ اپوزیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشترکہ موقف اپنائیں گے اور 70 سوالات حکومت کی پریشانی میں مزید اضافہ کریں گے۔