Friday, 29 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(ا نٹر نشنل) ایران کے وزیرثقافت علی جنتی نے کہا کہ سعودی عرب سے حج کے دوران ایرانی شہریوں کے انتظامات کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کے وزیر برائے ثقافت اور اسلامی رہنمائی علی جنتی نے کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد بھی سعودی حکام نے ایرانی شہریوں کے ویزے، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی مسائل کو حل کرنے کی تجاویز ماننے سے انکار کردیا جب کہ ایرانی وزیرِ خارجہ حسین جبری انصاری نے بھی مذاکرات کی ناکامی کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایرانی شہریوں کے حج نہ کرنے کی ذمے داری سعودی عرب پر عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اس حوالے سے نہ تو کسی بھی قسم کے ردعمل کا اظہارکیا اورنہ ہی سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے جنوری میں اہم شیعہ عالم شیخ النمر کو سزائے موت دی تھی جس پر سعودی حکام کا کہنا تھا شیخ النمر ملک میں فرقہ واریت اور تشدد کو فروغ دے رہے تھے۔ شیعہ عالم دین کی پھانسی کے بعد ایران میں مظاہرین نے سعودی سفارت خانہ جلادیا تھا جس کے بعد ایران اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے جب کہ دونوں ممالک نے تہران اورریاض میں تعینات اپنے اپنے سفیر بھی واپس بلالئے تھے، شام اوریمن کی صورت حال پر بھی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس حج کے دوران منیٰ میں حادثے کے دوران سیکڑوں عازمین حج جاں بحق ہوگئے تھے جس مٰں 460 سے زائد ایرانی عازمین بھی شامل تھے جب کہ مکہ مکرمہ میں بھی تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین جاں بحق ہوئے تھے جس کی ذمہ داری ایران نے سعودی عرب پر عائد کی تھی۔ ایران کا کہنا تھا سعودی عرب کے ناقص انتظام کے باعث یہ حادثہ پیش آیا اور حج انتظامات ایک آزاد انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ ایسے سانحات سے بچا جاسکے۔

 

ایمزٹی وی (کوئٹہ) پبلک سروس کمیشن بلوچستان کے سابق چئیرمین اشرف مگسی کو احتساب عدالت نے جوڈیشل کر کے جیل بھیجوانے کے احکامات جاری کر دئیے۔

کوئٹہ کی احتساب عدالت میں سابق چئیرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی کو نیب کی جانب سے پیش کیا گیا۔ اس دوران عدالت میں نیب کے وکیل کی جانب سے مزید ریمانڈ کی درخواست نہیں کی گئی جس پر عدالت نے اشرف مگسی کو جوڈیشل کر کے جیل بھیجوانے کے احکامات جاری کر دئیے جس کے بعد سابق چئیرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی کو جیل حکام کے حوالے کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔

اشرف مگسی نے دوران ملازمت اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنی بیوی، دو بیٹیوں، بیٹے اور سالے سمیت جعلی ڈگریوں پر کئی افراد کو لاکھوں روپے کے عوض سرکاری ملازمتوں پر فائز کیا تھا جس پر نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اشرف مگسی کو حراست میں لے لیا تھا۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیوی وار کالج لاہورکے 45 ویں پی این اسٹاف کورس کے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئےچیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہورہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات نظراندازنہیں کرسکتے ہیں۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ آفیسرز فیصلہ سازی کے عمل میں مثبت کردارادا کریں جب کہ ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے لئے دستیاب وسائل سے بھرپورفائدہ اٹھانا چاہیئے۔ اس موقع پر پاک بحریہ، پاک آرمی اورایئر فورس کے علاوہ دوست ممالک کے آفیسرزکو واراسٹڈیزمیں ماسٹرزڈگریاں تفویض کی گئیں۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا جب کہ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ ٹرمز آف ریفرنس کے حتمی فیصلے تک جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔ زرائع کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے حکومتی خط کا جواب وزارت قانون کو ارسال کردیا گیا۔ چیف جسٹس کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹرمز آف ریفرنس کے حتمی فیصلے تک پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکتا،بادی النظرمیں کمیشن کی کارروائی میں کئی سال لگ سکتے ہیں کیوں کہ حکومتی ٹی او آرز وسیع ہیں جس میں کمپنیوں کی فہرست اور شخصیات کے نام نہیں دیئے گئے۔ چیف جسٹس نے جوابی خط میں واضح کیا ہے کہ انکوائری کمیشن ایکٹ 1956 کا دائرہ کار محدود ہے جب کہ حکومتی خط میں آف شور کمپنیاں رکھنے والے خاندانوں، شخصیات اور کمپنیوں کا ذکر نہیں کیا گیا اس لئے کمیشن کی تشکیل کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے۔

  • ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخابات کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔ ذرائع کے مطابق این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخاب کے فیصلے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس اقبال حمید الرحمان نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔ واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 176 سے مسلم لیگ (ن) کے سلطان ہنجروا کامیاب قرار پائے تھے جسے فنکشنل لیگ کے مصطفی کھر نے چیلنج کیا تھا۔ الیکشن ٹریبونل نے مصطفیٰ کھر کی درخواست پر 18 جولائی 2014 کو (ن) لیگی رہنما کی رکنیت معطل کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے 21 اپریل کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

     
     
 
Seen by SyEd
 
 

ایمزٹی وی(تعلیم)اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد نے اعلان کیا ہے کہ انٹر میڈیٹ کے دوسرے فیزکے بروز جمعہ 20مئی2016 سے شروع ہونے والے آرٹس ریگولر ، آرٹس پرائیوٹ ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2016 کے ایڈمٹ کارڈ تیار ہوگئے ہیں۔
پرائیوٹ امیدواروں کی ایڈمٹ کارڈ ز ان کی جانب سے فراہم کئے گئے پتوں پر ارسال کردیئے گئے ہیں جبکہ ایسے پرائیوٹ امیدوار جنہیں بروز پیر 16 مئی تک ایڈمٹ کارڈز وصول نہیں ہوں وہ بروز منگل 17 مئی سے اپنے رجسٹریشن کارڈ ، امتحانی فارم جمع کرانے کی رسید اور میٹرک کی کارکس شیٹ کی فوٹو کاپی کے ساتھ اپنے ایڈمٹ کارڈ کی نقل حاصل کرسکتے ہیں۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)چیرمین رضاربانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں ایف 16 طیاروں کی خریداری پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا تھا امریکا یہ بات تسلیم کرتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت ضروری ہے اور امریکی کانگریس نے طیارے فروخت کرنے کی منظوری دے دی لیکن دفاعی کمیٹی میں رکاوٹیں ہیں اور اسی وجہ سے 3 ماہ سے امریکا سے تعلقات تعطل کا شکار ہیں تاہم امریکا میں پاکستانی سفیر اس معاملے پر کانگریس سے رابطے میں ہیں۔ سرتاج عزیزکا مزید کہنا تھا مئی سے 3 جون تک واشنگٹن میں پاک امریکا دفاعی گروپ کی میٹنگ ہے جس میں ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا معاملہ زیربحث آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی لابی نے کوشش کی پاکستان کوایف 16 طیارے نہ مل سکیں اور اگر امریکا، بھارت تعلقات ایسے ہی بڑھتے رہے تو ہمارے پاس بھی اسلحہ کی دوڑ میں شامل ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔ جب کہ دوسری جانب چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھی امریکی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دی گئی دعوت پر نظرثانی کا اعلان کردیا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور سے لیگی امیدوارکی کامیابی عوام دوست پالیسیوں پر کھلے اعتماد کا اظہار ہے جب کہ نیا خیبر پختونخوا بنانے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کو عوام نے رد کردیا۔ زرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے پشاورمیں ضمنی الیکشن میں کامیاب ارباب وسیم حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پشاورکے باشعورعوام نے منفی سیاست کومسترد کردیا، (ن) لیگی امیدوارکی کامیابی عوام دوست پالیسیوں پرکھلے اعتماد کا اظہارہے جب کہ عوام نے ترقی کے ایجنڈے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواکوترقی یافتہ اورپرامن صوبہ بنا کردم لیں گے، امید ہے ارباب وسیم عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کریں گے،نیاخیبرپختونخوا بنانے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کوعوام نے رد کردیا۔ واضح رہے کہ غیرحتمی وغیرسرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 8 پرووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوارارباب وسیم نے میدان مارلیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)وحید الرحمن (یاسر رضوی)کی شہادت کو ایک برس سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے شہید کے خاندان کی کفالت نہ ہونے کے باعث جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ سراپا اجتجاج۔ تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی ٹیچر سوسائٹی شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے اساتذہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر وحید الرحمن (یاسر رضوی)کی شہادت کو ایک برس سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے شہید کے خاندان کی کفالت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جامعہ کراچی میں اجلاس ہوا۔اس موقع پراساتذہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے وعدوں کے باوجود شہید کے خاندان کو کوئی امدادی چیک بھی نہیں دیا ،کراچی یونیورسٹی ٹیچر سوسائٹی کے ہونے والے جنرل باڈی اجلاس میں یہ بات اٹھائی گئی تاہم اجلاس میں بھی کوئی حتمی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا جس کے باعث اساتذہ شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی اس بات کا اعلان کرنے پر مجبور ہیں کہ اگر 18 مئی تک شہید کے خاندان کی مالی کفالت نہ کی گئی تو19 مئی سے شروع ہونے والے شعبے کے سیمسٹر امتحانات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے ۔