Friday, 29 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (کو ئٹہ)بلوچستان کے مشیر خزانہ خالد لانگو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

تفصیلات کےمطابق بلوچستان کی حکومت کو ایک اور جھٹکا لگ گیا ہے ۔مشیر خزانہ خالد لانگو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

دوسری طرف سیکرٹری خزانہ کے گھر سے نیب کے چھاپہ کے دوران ملنے والے کروڑوں روپوں کے بعد حکومت نے سیکرٹری خزانہ کو معطل کردیا ہے اور سیکرٹری داخلہ اکبر درانی کو محکمہ خزانہ کا اضافی چارج دے دیا ہے ۔

ایمز ٹی وی (کو ئٹہ )احتساب عدالت نے سیکرٹری خزانہ بلوچستان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عوام کے خزانے کو گھر میں چھپانے والے سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کو آج احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

گزشتہ روز نیب کی کارروائی میں مشتاق رئیسانی کے گھر سے کالے دھن سے کمائے 63کروڑ سے زائد مالیت کی کرنسی‘ سونا اور پرائز بانڈ ملے تھے۔ ان پر ایک ارب سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔ پیشی کے موقع پر احتساب عدالت نے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا اور انہیں نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ کیس کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور حقائق سامنے لائے جائیں۔ قبل ازیں نیب کے وکیل نے مشتاق رئیسانی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی جو عدالت نے منظور کر لی۔

ایمز ٹی وی ( کوئٹہ)بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے بڑا خزانہ مل گیا۔ تفصیلات کےمطابق بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے بہت بڑا خزانہ مل گیا ۔

نیب کی کارروائی میں مشتاق رئیسانی کے گھر سے کالے دھن سے کمائے نوٹوں سے بھر ے بکس برآمد کر لئے گئے ہیں۔ نوٹ گننے کیلئے مشینیں لگا دی گئیں،اب تک تریسٹھ کروڑ کی گنتی ہو چکی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق سونے کے زیورات ، پرائزبانڈز اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری فنانس مشتاق رئیسانی پر ایک ارب سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔

ایمز ٹی وی (کندھ کوٹ )سندھ اور بلوچستان کےسرحدی علاقے کندھ کوٹ میں پولیس اورحساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان ری پبلکن آرمی کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے پانچوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے جبکہ ان کی شناخت محمد خان گاجانی ، صادق بگٹی ، ماما بہادر بنگلانی ، عطائی ڈاکٹر دل مراد نوناری اور فتح محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 کلو بارودی مواد ، 3 دستی بم ، 2 ٹائم بم ، 2 پستول ، 3 کلاشنکوف، 2 ڈیٹو نیٹراوربڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے تخریب کاری کی تربیت حاصل کی ہے۔ ایس ایس پی کشمور عمر طفیل کے مطابق دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں سندھ بلوچستان سرحدی علاقوں میں ریلوے ٹریکس اور گیس پائپ لائنوں کو 18 بم دھماکوں سے اڑانے کا اعتراف کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (لا ہو ر)لاہور والے آج بیمار اور جانوروں کا گوشت کھانے سے بچ گئے۔ لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر رائیونڈ سے لایا جانے والا تیس من سے زائد مضرصحت گوشت قبضے میں لے لیا۔ گوشت شہر کے مختلف علاقوں اور ہوٹلوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ای ایم ای سوسائٹی کے قریب ناکہ لگا کر رائیونڈ سے کار اور منی ٹرک کے ذریعے لایا جانا والا مضرصحت گوشت ضبط کر لیا۔ فوڈ اتھارٹی نے مضرصحت گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں جبکہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں طارق اور اکبر کو بھی حراست میں لے لیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق جہاں سے یہ گوشت لایا گیا تھا اور جن ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا وہاں بھی آج ہی کارروائی کی جائے گی۔ مضرصحت گوشت لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کے لیے لایا جا رہا تھا۔

 

ایمزٹی وی (تعلیم)تحریک انصاف کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی اسدعمر نے کہاہے کہ پمز کو شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی سے علیحدہ کر انے میں بھرپورکردار اداکروں گا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پمز نان گزیٹڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اورجوائنٹ ایکشن کمیٹی پمزکے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین رانا حیات سے اس سلسلے میں بات کروں گا جبکہ نان گزیٹڈ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ملک تنویر نوشاہی نے کہاکہ صحت کے اتنے بڑے ادارے کو یونیورسٹی میں ضم کرنے سے ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں ،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سید منظر عباس نقوی نے درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ،اسد عمرنے تمام مطالبات حل کرنے میں اپنا کرداراداکرنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس سے رضوان کیانی، ملک طاہر اعوان،آفتاب مغل،فخرعباس،پرویز پطرس ،آفتاب زمان اور ملک محمد رفیق ودیگر نے خطاب کیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں 16مئی سے ایک ساتھ شروع ہورہے ہیں۔ امتحانا ت میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹس ارسال کردی گئی ہیں جبکہ امیدواروں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔

ایمزٹی وی (تعلیم)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 15ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ قابل فخر تعلیمی ادارے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، خواتین معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرکے قومی ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں اور بچیوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں جو غربت و افلاس کے باعث معیاری تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس موقع پر۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار ، وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز و دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سفارت کاروں کے علاوہ فیکلٹی ممبران ، طلبا و طالبات اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)عمران خان عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں ۔ عمران خان پہلے مدینہ منورہ میں روزہ رسولؐ پر حاضری دیں گےجبکہ عمرہ کر کے اتوار کو وطن واپسی آئیں گے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو سعودی عرب میں سرکاری پروٹوکول ملے گا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں ہونے والے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعہ میں قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ظالمانہ جرم کے مرتکب ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ صرف غیر اسلامی ہیں بلکہ غیر انسانی بھی ہیں جب کہ غیرت کے نام پر ایسا فعل صرف قتل قرار دیا جاسکتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ واضح رہے کہ ایبٹ آباد کے گاؤں مکول سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ عنبرین نامی لڑکی کو جعلی مقامی جرگے نے اپنی سہیلی صائمہ کے مبینہ فرار میں مدد دینے کے الزام میں ہلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ علاقے کے کونسل ناظم پرویز اور 15 افراد پر مشتمل جرگہ نے لڑکی کو پہلے دوپٹہ گلے میں ڈال کر پھندا لگایا اور بعد میں فرار میں ملوث سہولت کار مبینہ مفرور صدیق کی گاڑی میں لاش کو سیٹ کے ساتھ باندھ کر آگ لگا دی تھی۔