Reporter SS
صدارتی تمغہ یافتہ معروف مزاحیہ اداکاراسماعیل تاراکی دوسری برسی آج منائی جائیگی۔
تقریباً 5 دہائیوں تک اپنی جاندارمزاحیہ کردارنگاری کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اسماعیل تارا16نومبر1949کو کراچی میں پیداہوئے،سن 1964 میں پہلی پرمرتبہ اسٹیج پراسماعیل تارا نےاس وقت پرفارمنس دی جب ان کی عمر صرف پندرہ سال تھی۔
سن 70 کی دہائی میں ضیا محی الدین شومیں پرفارمنس کےبعد ٹی وی کے لیے راہیں ہموارہوئیں اور بعدازاں مزاحیہ سیریزففٹی ففٹی نے شہرت کے دروازے کھول دیے۔
اسماعیل تارا نےٹی وی ڈراموں کے علاوہ فلم میں بھی اپنی دھاک بٹھائی۔سلوراسکرین پربہترین اداکاری پرانھیں پانچ مرتبہ بہترین مزاحیہ اداکارکا نگارایوارڈ دیا گیا۔
ان کے مشہور کاموں میں ففٹی ففٹی کے علاوہ ربڑ بینڈ،یہ زندگی ہے،نادانیاں،ون وے ٹکٹ،دہلی کالونی،بلبلے،نمک پارے شامل ہیں۔
اسماعیل تارا کئی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھےاور مختصرعلالت کے بعد 24 نومبرسن2022 کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
انتقال سے دوسال قبل اسماعیل تارا کی فنکارانہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا تھا۔
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ایک مرتبہ پھر اول نمبر پر آگیا۔
شہر میں اوسطا ایئر کوالٹی انڈیکس 625 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان انجینئرنگ سروسز روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 1137، سید مراتب علی روڈ پر 979، غازی روڈ انٹر چینج پر 882 اور کلائمٹ فنانس پاکستان ہیڈ کوارٹر 790 ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے اور بیماری سے بچنے کا واحد حل احتیاطی تدابیر ہیں۔
لاہور میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیز کھل گئی ہیں لہٰذا طلبہ و طالبات کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہے۔ شہر میں تعمیراتی کاموں پر آج رات تک پابندی عائد ہے۔
تمام تفریحی مقامات اور پارکوں پر شہریوں کے لیے کھول دیے گئے، شہر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز پلازے رات آٹھ بجے بند ہوں گے۔ ریسٹورنٹ کو بند کرنے کے لیے رات 10 بجے کا ٹائم مقرر کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے موسم خشک رہے گا۔
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ دو روز کےلئے دھندچھانےکاامکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران شہر کی فضاؤں میں صبح کے وقت دھند کے سبب حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران شہر میں دھوپ رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے وقت کراچی سمیت دیہی سندھ میں خنکی رہنے کی توقع ہے۔
شہر کا کم سے کم پارہ 19 تا 21 اور زیادہ سے زیادہ 31 سے 33 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد:سیکوریٹی خدشات کے پیشِ نظر اسلام آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق صرف سکیورٹی کے خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کا تعین کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔
اُدھر اسلام آباد میں انٹرنیٹ کی رفتار بالکل سست ہوئی جس کی وجہ سے صارفین کو واٹس ایپ کے استعمال سمیت دیگر ایپس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر رات 12 بجے کے بعد سے انٹرنیٹ سروس مکمل بند کردی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی بندش سے وائی فائی سروس بھی متاثر ہوگی تاہم موبائل سروس کھلی رہے گی اور اس کی بندش کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
پاکستان نے زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں میزبان ٹیم کو کم ازکم اسکور پر آؤٹ کریں اور دورے کا فاتحانہ آغاز کریں۔
اس موقع پر زمبابوین ٹیم کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ ہوم گرؤنڈ پر پاکستان کیخلاف جیت کیلئے پُرعزم ہیں۔
زمبابوے کا اسکواڈ؛
کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا، شان ولیمز
پاکستان کا اسکوڈ؛
کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، حسیب اللہ خان، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین، اور فیصل اکرم
جامعہ اردو نے ٹیسٹ بیسڈ شعبہ جات میں داخلہ فارم2025 جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹرمحمد راشد تنویر کے مطابق ٹیسٹ بیسڈ شعبہ جات میں داخلہ فارم2025 جمع کرانے کی تاریخ میں 29نومبر2024تک توسیع کردی گئی ہے۔
انٹری ٹیسٹ مورخہ 6 دسمبر2024 بروز جمعہ منعقد کیا جائےگا۔ امیدوار اپنا ایڈمٹ کارڈ 2 دسمبر 2024 پیر سے ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔
جبکہ داخلہ برائے2025 ٹیسٹ بیسڈ شعبہ جات میں داخلے کے لیے وہ امیدوار جنہوں نے MDCAT-2024 کی بنیاد پر داخلہ فارم جمع کرایا ہے اور ان کےMDCAT-2024 کا رزلٹ کورٹ آرڈر کے تحت منسوخ کردیا گیا ہے وہ رزلٹ قابل قبول نہیں ہے۔
لہذا وہ امیدوار مبلغ1ہزار روپے کا ایڈیشنل ایڈمیشن پروسس فیس واؤچر جامعہ کی ویب سائٹ 25 نومبر 2024 سے ڈاؤن کرکے عسکری بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروادیں اور 6دسمبر2024 کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شامل ہوسکتے ہیں
وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبا نے مرغی اور گائے کی چربی سے کم لاگت میں ماحول دوست بوٹ پالش تیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کے طلبا نے قدرتی اجزا سے کم لاگت میں ماحول دوست شو پالش بنا کر سب کو حیرت میں ڈال دیا
یہ بوٹ پالش کم لاگت اور ماحول دوست ہے جس کے بنانے کا مقصد ہر شخص تک اس کی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی میں شعبہ کیمسٹری کے طلبہ نے اس پروجیکٹ پر پہلے طویل تحقیق کی اور اس کو عملی شکل میں تیار کیا اور استعمال کر کے خوشی کا اظہار کیا۔
پاکستان شوبز کی اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ بولڈ تصاویر اور ویڈیوشیئر کرنےپر کڑی تنقیدکی زد میں آگئیں۔
علیزے کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک اور بولڈ ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین اور ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے انتہائی چھوٹا اسکرٹ اور ٹاپ پہن رکھا ہے اور وہ گھٹنوں کے بل بیٹھی ڈانس کر رہی ہیں۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ناقدین اس ویڈیو کو اداکارہ کی اب تک کی سب سے بدترین بولڈ ویڈیو قرار دیتے ہوئے ان پر سخت جملے استعمال کر رہے ہیں۔
ویب ڈیسک : واٹس ایپ اپنےنئے دلچسپ اور کارآمد فیچرسے صارفین کے لیے مزید آسانی پیدا کرے گا۔
واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت کے لیے وائس نوٹ کو اب ٹرانسکرائب کرنے کی سہولت سے جوڑ رہا ہے۔
وائس نوٹ ٹرانسکرائب کام کیسے کرتا ہے؟
ٹرانسکرائب فیچر بنیادی طور پر آڈیو چیٹ کو لفظ بہ لفظ ٹیکسٹ نوٹ میں تبدیل کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔
یہ فیچر واٹس ایپ میں کیسے حاصل کیا جاسکے گا؟
صرف چند اسٹیپ پر عمل کرکے آپ اس فیچر کو حاصل کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے وائس نوٹ کرنا ہے اور پھر واٹس ایپ آپ کو ٹرانسکرائب کا آپشن دے گا، جسے آپ کلک کرتے ہوئے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے آپ کا یہ میسج 90 ایم بی سے کم نہ ہو اور یوں وائس نوٹ کا متن آپ کو وائس نوٹ کے نیچے نظر آئے گا۔
واٹس ایپ کی یہ سہولت صرف موبائل فون میں دستیاب ہوگی اور آپ اسے واٹس ایپ ویب پر نہیں دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی، روسی اور ہندی زبان میں ہوگا، اس کے علاوہ واٹس ایپ نے وائس نوٹ کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے جس سے آپ کے میسج محفوظ رہیں گے۔
کراچی میں شاہراہ فیصل آج رات سے صبح تک عام ٹریفک کیلئے بند رہے گی، ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کی شاہراہ فیصل پر ڈرگ روڈ سے کارساز تک دونوں اطراف کی سڑکیں آج رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک بند رہیں گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں مطلع کیا کہ کارساز سے حسن اسکوائر اور حبیب رحمت اللہ روڈ بھی بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی ائیرپورٹ سے ٹریفک کو کارساز روڈ اور اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی اس لیے شہری ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ اور ملینیم سے نیپا کا راستہ اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری بلوچ کالونی پل کے نیچے سے شہید ملت روڈ اور حسن اسکوائر کا راستہ اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نیپا سے راشد منہاس روڈ، ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔