ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ویسے تو ہولی وڈ کی کامیاب فلم سیریز 'جیمز بانڈ' میں '007' نامی جاسوس اکیلے ہی دشمنوں کے خلاف لڑتے نظر آتا ہے، تاہم برطانیہ کی اہم ترین خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے چیف کو اپنے ادارے کے جاسوس کے لیے 'جیمز بانڈ' کی ضرورت نہیں۔ رپورٹس کے مطابق خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے چیف ایلکس ینگر کا کہنا تھا کہ حقیقت فلموں سے کافی مختلف ہوتی ہے، ایک اصلی جاسوس کو نہایت مشکل صورتحال میں بھی اپنے اہداف کو پورا کرنا ہوتا ہے، تاہم 007 نامی ایجنٹ میں اس کی کمی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم آئی 6 کے جاسوس جیمز بانڈ کی طرح چھوٹے راستے نہیں اپناتے۔
ایلکس ینگر کے مطابق ایسا کہنا آسان ہوگا کہ جیمز بانڈ جیسے جاسوس ان کے ادارے کا حصہ بننے کے ابتدائی عمل میں بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم آئی 6 کے جاسوسوں میں جیمز بانڈ کی کچھ خصوصیات موجود ہوسکتی ہیں، جن میں حب الوطنی، طاقت اور اتحاد شامل ہیں۔ ایلکس ینگر نے کہا کہ ایک اصل ایم آئی 6 کے جاسوس میں جذبات کو سمجھنے کی صلاحیت، دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا اور ہمیشہ قانون کی عزت کرنا شامل ہیں، تاہم جیمز بانڈ میں ان صفات کی کافی کمی ہے۔ واضح رہے کہ 'جیمز بانڈ' سیریز کی پہلی فلم 'ڈاکٹر نو' 1962 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس سیریز کی اب تک 23 فلمیں سامنے آچکی ہیں۔ اس سیریز کی آخری فلم 'اسپیکٹر' 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ڈینئیل کریگ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔