ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اداکارہ وماڈل کنزیٰ ہاشمی نے کہا ہے کہ اس وقت کراچی اور لاہور کے میگا پروجیکٹس میں کام کر رہی ہوں، جہاں تک بات فلم کی ہے تواچھا کرداراورکہانی ملی توضرورکام کروں گی۔
کنزیٰ ہاشمی کا کہنا ہے کہ ویسے تو مجھے گائیکی کا ہی شوق تھا اور یہی سوچ کر شوبز میں آئی مگر شاید قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ اس لیے بطور اداکارہ ڈائریکٹر محمد ذوالفقار نے نہ صرف آفر کی بلکہ اپنے ہی ڈرامہ سیریل کے ایک اہم رول میں کاسٹ کرلیا۔
اداکارہ نے کہا کہ اداکاری کے بارے میں الف ب تک معلوم نہیں تھی ،ڈر رہی تھی کہ شاید یہ فیصلہ میرے لیے اچھا نہ ہو ، لیکن محمد ذوالفقار کی بے حد شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ اداکاری کے اسرارورموز بھی سکھائے۔ پہلے ہی ڈرامہ میں جس طرح پذیرائی ملی اس کا مجھے یقین نہیں تھا ۔اس پذیرائی نے میری مصروفیت میں اضافہ کردیا اور اس وقت کراچی میں اداکار عمران عباس، آئزہ خان، نغمہ بیگم ، لیلی واسطی اور سلیم شیخ جیسے اسٹارز کے ساتھ ڈرامہ سیریلز کر رہی ہوں۔
کنزیٰ ہاشمی کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ اور لولی ووڈ میں بہت سے ایسے فنکار ہیں جو گائیکی کے میدان میں نام کمانے کے خواہش مند تھے مگر اداکاری میں نام کمایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ گلوکاری چھوڑی نہیں مگر مصروفیت کے باعث اسے وقت نہیں دے پا رہی۔
ایک سوال کے جواب میں کنزیٰ ہاشمی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کسی ٹی وی ڈرامہ اور فلم کے لیے گانا ریکارڈ کراؤں اور یہ گانا مجھ پر ہی پکچرائز ہو۔ اس کیلیے بڑی شدت سے انتظار ہے اورمجھے امید ہے کہ جلد ہی اس سلسلہ میں مجھے کوئی اچھی پیشکش ہوگئی۔