ممبئی: بھارت کی مشہور میوزک کمپنی نے انتہا پسند تنظیم کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے، بھارتی ریاست مہاراشٹر میں نونریمان سینا کی دھمکی پر بھارت کی نامور میوزک کمپنی نے سوشل میڈیا پر پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹادئیے۔انتہا پسندوں نے میوزک کمپنیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا بند کیا جائے ورنہ ہم اپنے انداز میں ایکشن لیں گے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستانی گلوکاروں کو اکثر دھمکیاں موصول ہوتی آئی ہیں اور پلوامہ حملے کے بعد بھارت کا یہی ردعمل سامنے آیا ہے۔ بھارت میں بیشتر گلوکاروں جیسے عاطف اسلم، راحت فتح علی خان کو خاص مقبولیت حاصل ہے اور بھارتی عوام کی بڑی تعداد پاکستانی گلوکاروں کے گانے سننا چاہتی ہے۔ لیکن اب بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان گلوکاروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند برس قبل بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں پر بھارت میں استاد غلام علی خان کا کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔ استاد غلام علی خان کو ممبئی میں بھارتی مایہ ناز غزل گائیک جگجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر فارم کرنا تھا، اس کے بعد پونا میں اسی ہفتے ایک اور کنسرٹ بھی شیو سینا کی دھمکیوں سے منسوخ ہوا تھا۔ خیال رہے کہ بھارتی اداکار بھی پاکستانی گلوکاروں کی مقبولیت سے خائف نظر آتے ہیں، بھارتی گلوکار ابھیجیت سنگھ نے پاکستانی گلوکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔