اتوار, 24 نومبر 2024


ایک ایسی کرسی جو وزن گھٹائے

ایمزٹی وی(صحت)ماہرین ایک ایسی ’’ذہین آرام کرسی‘‘ تیار کررہے ہیں جو خود پر بیٹھنے والے کو چربی گھلانے اور وزن گھٹانے سمیت، صحت بہتر بنانے کی بیشتر ورزشیں بیٹھے بیٹھے ہی کروادیا کرے گی۔ جرمنی کی بائیلی فیلڈ یونیورسٹی کے ماہرین ایک ایسی کرسی تیار کررہے ہیں جو بظاہر یہ ایک معمولی سی آرام کرسی دکھائی دیتی ہے لیکن درحقیقت یہ درجنوں ایسے خودکار آلات سے لیس ہے جو اس پر بیٹھنے والے کو شناخت کرسکتے ہیں، دھڑکن کی رفتار اور وزن سے لے کر صحت سے متعلق دوسری اہم معلومات پر نظر رکھ سکتے ہیں، بیٹھے بیٹھے کئی ورزشیں کراسکتے ہیں، نشست و برخاست (پوسچر) کے بہتر انداز کے بارے میں مشورے دے سکتے ہیں اور بیٹھنے والے کی جسمانی کیفیات میں بتدریج تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ان ورزشوں کے دورانیے اور نوعیت میں بھی تبدیلی کرسکتے ہیں۔ یہ کرسی اس انداز سے تیار کی جارہی ہے کہ گھر کے تمام افراد اسے باری باری استعمال کرسکتے ہیں اور یہ ہر ایک کو (اس کے اسمارٹ بینڈ یا اسمارٹ واچ کی مدد سے) علیحدہ علیحدہ شناخت کرکے اپنے اندر اسی حساب سے تبدیلیاں بھی کرسکتی ہے۔ اور اگر کوئی اس کی اضافی خصوصیات سے استفادہ نہیں کرنا چاہتا تو وہ اس کے خودکار نظاموں کو وقتی طور پر معطل کرکے اسے ایک سادہ سی آرام کرسی کے طور پر بھی استعمال کرسکتا ہے۔ اس کرسی کو عارضی طور پر ’’پرسنل ٹرینر‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ کرسی اور اس جیسی دوسری گھریلو ایجادات، بائیلی فیلڈ یونیورسٹی میں ’’کوگنی ہوم‘‘ (KogniHome) کے نام سے جاری، ایک بڑے تحقیقی منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد ایسے ’’ذہین گھروں‘‘ کی تیاری ہے جو اپنے رہنے والوں تمام ضروریات کا خود ہی خیال رکھ سکے اور متوسط طبقے کی پہنچ میں بھی ہو۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment