ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنی معروف ویڈیو ایپلی کیشن ”وائن“ کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
زرائع کے مطابق اس موبائل ایپ کو ختم کرنے کا فیصلہ بظاہر مالی بحران سے باہر نکلنے کیلئے کیا گیا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ ٹوئٹر پر بھی ویڈیوزاپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی اس لئے ’وائن‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو ٹوئٹر تک محدود کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس ایپلی کیشن میں سب سے پہلے 6 سیکنڈ کی لوپ ویڈیوز کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے سوشل میڈیا پر انقلاب کا آغاز کیا تھا اور اب یہ فیچرز دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی نظر آتا ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے اس ایپلی کیشن کو بند کرنے کا اعلان تو کر دیا گیا ہے لیکن اس کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”2013ءسے اب تک، کروڑوں لوگ لوپس پر ہنسنے کیلئے وائن کی جانب مائل ہوئے اور تخلیقی صلاحیتوں کو آشکار ہوتے ہوئے دیکھا۔ آج، ہم یہ خبر شیئر کر رہے ہیں کہ آنے والے مہینوں میں ہم اس موبائل ایپلی کیشن کو بند کرنے جا رہے ہیں۔“
ٹوئٹر نے مزید بتایا ہے کہ ’وائن‘ کو بند کئے جانے پر ویڈیوز اپ لوڈ نہیں کی جا سکیں گی تاہم ماضی میں اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز محفوظ رہیں گے جنہیں لوگ دیکھنے کے علاوہ ڈاﺅن لوڈ بھی کرسکیں گے۔