ایمزٹی وی(صحت)ایکٹ میں تبدیلی کے خلاف پنجاب بھر میں ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل اسٹور مالکان کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ڈرگ رولز میں تبدیلی کے خلاف فارما اسوٹیکل ایسوسی ایشن، کیمسٹ ایسوسی ایشن اور میڈیکل اسٹورز مالکان کی جانب سے غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال شٹر ڈاؤن ہڑتال شروع کر دی گئی ہے جس کے باعث لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، بھکر، چیچہ وطنی سمیت پنجاب بھر میں ادویات کی شدید قلت پیدا ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ پنجاب فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن سے اظہار ہمدردی کے لئے کراچی میں بھی ادویات کے ہول سیلز نے اپنی دکانیں بند کر رکھی ہیں تاہم میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔ ایلو پیتھک ادویات کے علاوہ ہومیو پیتھک اور حکمت سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کی ہے۔
فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن اور کیمسٹ ایسوشی ایشن کے عہدیداروں نے پنجاب ڈرگ رولز اتھارٹی میں تبدیلی کے قانون کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لاکھوں افراد بے روز گار ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ہمارے مطالبات منظور نہیں کرے گی اس وقت تک ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری جانب مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے باعث گھنٹوں خوار ہونے کے بعد بھی ڈاکٹرز کی لکھی ہوئی ادویات نہیں مل رہیں جس سے مریضوں کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا ہے، حکومت پنجاب فوری طور پر ہڑتال کرنے والوں سے مذاکرات کرے تاکہ مریضوں کی مشکلات اور تکالیف کم ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن اور میڈیکل اسٹورز مالکان نے پنجاب ڈرگ رولز اتھارٹی کے قوانین میں تبدیلی کے خلاف غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا تھا۔