اتوار, 24 نومبر 2024


ایک ہی فون میں دو مزے ،آئی فون جیسی اینڈرائڈ ڈیوائس

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ آئی فون لیا جائے یا اینڈرائیڈ ڈیوائس؟ اگر ہاں تو کیوں نہ آپ دونوں آپریٹنگ سسٹم کا مزہ ایک ہی فون میں لیں جو کہ کچھ زیادہ مہنگا بھی نہیں پڑے گا۔ اگر آپ کو اس میں دلچسپی ہے تو کک اسٹارٹر پر دستیاب ایک آئی فون کیس یا کور آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ آئی فون کے لیے بنائے جانے والے اس کیس جسے آئی کا نام دیا گیا ہے، نے کراﺅڈ فنڈنگ سائٹ پر ایک لاکھ ڈالرز سے زائد جمع کرلیے ہیں جس کی وجہ اس کے دلچسپ فیچرز ہیں۔

درحقیقت اس کیس میں ایک پانچ انچ کی اسکرین، بیٹری پاور، 256 جی بی تک اسٹوریج، ڈوئل سم سلاٹس، آئی آر بلاسٹر اور وائرلیس چارجنگ وغیرہ موجود ہیں۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو یہ آئی فون کیس درحقیقت ایک اینڈرائیڈ فون ہے۔ جب آپ اس کیس کو آئی فون پر لگاتے ہیں تو آپ اپنے فون کو عام معمول کی طرح تو استعمال کر ہی سکتے ہیں مگر اس کے بیک پر بھی ایک اور فون آپ کو دستیاب ہوگا جسے بھی عام استعمال کیا جاسکتا ہے اور کون ہوگا جسے یہ فیچر پسند نہیں آئے گا؟

اس کیس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اینڈرائیڈ فون کی بیٹری کو آئی فون چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بیٹری میں 2800 ایم اے ایچ پاور اسٹور کی جاسکتی ہے جو کہ آئی فون بیٹری کی زندگی سے کافی زیادہ ہے جبکہ ایندرائیڈ فون میں آل ویز آن ڈسپلے دیا گیا جو کہ ایک گھنٹے میں صرف ایک فیصد بیٹری استعمال کرتا ہے۔

اس کیس میں ایس ڈی کارڈ سلاٹ موجود ہے جو آئی فون کی میموری کو بڑھانے کے کام آسکتا ہے کیونکہ آپ کو علم ہی ہوگا کہ ایپل کے فونز کی میموری محدود ہوتی ہے اور ان میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ تاہم اس کیس میں موجود اینڈرائیڈ ڈیوائس میں آپ آئی فون کا ڈیٹا ٹرانسفر کرسکتے ہیں جبکہ آئی فون کے بیک کیمرے کو آپ اس کیس میں سیلفی کیمرے کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

اگر تو آپ اسے لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو کک اسٹارٹر پر یہ اولین دو ہزار افراد کو 95 سے 129 ڈالرز (سستا کیس فورجی کے بغیر ہوگا) میں دسیتاب ہوگا جبکہ رواں سال اگست یا ستمبر میں باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کے بعد اس کی قیمت 189 ڈالرز ہوگی۔ اس کیس کو ایسٹیسی نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

 

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment