ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 8 کل یعنی 29 مارچ کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔ یہ جنوبی کورین کمپنی کی تاریخ کا سب سے اہم اسمارٹ فون قرار دیا جارہا ہے جو وہ گلیکسی نوٹ سیون کے دھچکے کے بعد متعارف کرانے جارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گلیکسی ایس سکس کے بعد پہلی بار اس نے اپنے فلیگ شپ فون کے ڈیزائن کو بدلا ہے اور اب نت نئے فیچرز پیش کیے جارہے ہیں۔ ویسے تو سام سنگ نے فون کے بارے میں کچھ نہیں بتایا مگر گزشتہ ہفتوں کے دوران اتنی لیکس سامنے آچکی ہیں کہ اس فون کی لگ بھگ تمام تر تفصیلات، تصاویر اور فیچرز وغیرہ سامنے آچکے ہیں۔ تو یہاں ہم جانتے ہیں کہ 29 مارچ کے ایونٹ میں سام سنگ کیا پیش کرنے والی ہے۔ ایک فون، دو سائز گلیکسی ایس 8 دو مختلف سائز میں آنے کی توقع ہے یعنی ایک روایتی گلیکسی ایس 8 جو کہ 5.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا اور دوسرا ایس ایٹ پلس جو کہ افواہوں کے مطابق 6.2 انچ اسکرین والا فون ہے، ان دونوں فونز میں ایج اسکرین دی گئی ہے جو پہلے صرف بڑے ماڈل کے لیے ہوتی تھی۔ بیزل لیس ڈیزائن ایس ایٹ میں جو سب سے بڑی تبدیلی سامنے آنے والی ہے وہ اس کا بالکل نیا ڈیزائن ہے، ایس سیون تو دیکھنے میں ایس سکس جیسا ہی تھا، مگر ایس ایٹ کا ڈیزائن بالکل مختلف ہے اور اس میں بیزل یا فون کے کونوں کو ڈرامائی حد تک کم کردیا گیا ہے، اسی طرح ڈسپلے میں زیادہ اسکرین اسپیس کے لیے راﺅنڈ کارنرز کو استعمال کیے جانے کی توقع ہے۔ بٹن سے محروم اسکرین کا سائز بڑھانے اور بیزل کو کم سے کم رکھنے کے لیے سام سنگ نے ڈیوائس کے فرنٹ سے تمام بٹنز کو ختم کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے فنگر پرنٹ اسکینر کو بھی ڈیوائس کی بیک پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ورچوئل اسسٹنٹ ایس ایٹ کا ایک بڑا فیچر اس میں پہلی بار سام سنگ کی جانب سے ورچوئل اسسٹنٹ بیکسبی متعارف کرانا ہے جس کا اعلان کمپنی نے گزشتہ ہفتے کیا، ابھی یہ تو واضح نہیں کہ بیکسبی اس وقت دستیاب دیگر ڈیجیٹل اسسٹنٹس سے کس حد تک بہتر یا مختلف ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اب فون کو استعمال کرنے کے لیے ہاتھوں کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آواز سے آپ سب کام کرسکیں گے۔ بہتر ہارڈ ویئر یہ سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون ہے اور اس میں جدید ترین ہارڈ ویئر کو سامنے لائے جانے کا امکان ہے، اگر رپورٹس کو درست مانا جائے تو یہ 12 میگا پکسل بیک اور آٹھ میگا پکسل فرنٹ کیمرے، آئی اسکینر، 64 جی بی اسٹوریج جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے توسیع ممکن ہوگی اور 4 جی بی ریم سے لیس ہوگا۔ اسی طرح دونوں فونز میں کوالکوم کا نیا سنیپ ڈراگون 835 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ کچھ مارکیٹوں کے لیے کمپنی اپنی تیار کردہ ایکسنوس 8895 چِپ بھی استعمال کرے گی اور ہاں اس میں ہیڈ فون جیک کو نہیں ہٹایا جارہا۔ نئے رنگ گلیکسی ایس ایٹ کئی رنگوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جن میں بلیک اسکائی، آرچڈ گرے، آرکٹک سلور، کورل بلیو اور گولڈ وغیرہ شامل ہیں، مگر کہا جارہا ہے کہ ان سے ہٹ کر بھی مزید فونز کمپنی کی جانب سے پیش کیے جاسکتے ہیں۔ قیمت اور ریلیز ڈیٹ اس کی جو قیمت لیک ہوکر سامنے آئی ہے اس کے مطابق ایس ایٹ 799 یورو جبکہ ایس 8 پلس 899 یورو کا ہوگا (پاکستان میں اس کی قیمت یہاں آمد کے بعد ہی طے ہوسکے گی) جبکہ اسے 21 اپریل تک دنیا کے مختلف مقامات میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔