ھفتہ, 23 نومبر 2024


سبزیوں کو رنگین کرنے والے کیمیکل مضر صحت نہیں

 

یمزٹی وی (صحت) جسم کی اندرونی جلن اور سوزش (انفلیمیشن) کئی خوفناک امراض کی وجہ بن سکتی ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیوں کو رنگ دینے والے کیمیکل اس سوزش کو دبا کر آپ کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ایک نئے مطالعے کے تحت رنگین سبزیوں میں ایک خاص مرکب لیوٹین موجود ہوتا ہے جو سوزش کو زائل کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جسم کی اندرونی جلن دل کے شریانی (کورونری) امراض، انجائنا اور دیگر بیماریوں کی اہم وجہ بن سکتی ہے۔ ماہرین گاجر اور دیگر سبزیوں کو رنگین بنانے والے اہم اجزا کیراٹینوئیڈز اور سوزش کے درمیان تعلق پر تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سبزیوں کو رنگین بنانے والے کیمیکل بھی جسمانی اندرونی جلن کو کم کرتے ہیں۔ اس ضمن میں سویڈن میں دلچسپ تحقیق کی گئی اور ماہرین نے دل کی شریانوں کے مرض میں مبتلا 193 مریضوں کو لیوٹن سے بھرپور سپلیمنٹ دے کر ان کے خون میں کیراٹینوئیڈز کی مقدار معلوم کرنے کے ساتھ ان کے خون کے ذریعے سوزش کی مقدار کا اندازہ بھی لگایا۔ خیال رہے کہ ہمارے خون میں موجود ایک مارکر (اشاریہ) انٹرلیوکن 6، بدن میں جلن کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین نے انکشاف کیا کہ لیوٹن نے جسم میں سوزش کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور دل کے امراض کے جن مریضوں کو ایک عرصے سے جلن محسوس ہو رہی تھی اس میں کمی واقع ہوئی۔ یہ تحقیق سویڈن میں واقع لنکوئپنگ یونیورسٹی کی روزینا چونگ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے کی گئی۔ روزینا کا کہنا ہے کہ ہماری تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ لیوٹین سے قلبی شریانوں سے ہونے والی جلن کم ہو جاتی ہے اور یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ لیوٹین امنیاتی نظام کے خلیات اور میں جذب ہو کر جمع ہو جاتا ہے۔ اس بنا پر ماہرین نے لیوٹین سے بھرپور رنگ برنگی سبزیاں اور پھل کھانے کا مشورہ دیا ہے۔ لیوٹین نارنجیوں، ہرے پتے والی سبزیوں، ٹماٹر، گاجروں، سرخ اور پیلی شملہ مرچ، انگور، کیوی اور دیگر پھلوں اور سبزیوں میں زیادہ مقدار میں موجود ہوتا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment

comments8